English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بحرین میں اسرائیلی خفیہ ایجنسی کے لیے جاسوسی کرنے والا بھارتی شہری گرفتار

القمر

بحرین کی سیکیورٹی اور انٹیلی جنس ایجنسی نے ایک بھارتی شہری کو گرفتار کر لیا ہے جس پر اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے لیے جاسوسی کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق گرفتار شخص مبینہ طور پر حساس معلومات غیر ملکی خفیہ ادارے کو فراہم کرنے میں ملوث تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت نتن موہن کے نام سے ہوئی ہے جو پیشے کے اعتبار سے ٹیلی کمیونیکیشن انجینئر بتایا جاتا ہے۔

ابتدائی تحقیقات میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ مختلف حساس مقامات سے متعلق معلومات جمع کر کے انہیں اسرائیلی خفیہ ادارے تک پہنچا رہا تھا۔

اطلاعات کے مطابق ملزم نے بعض اہم جغرافیائی اور اسٹریٹیجک مقامات کی تصاویر، ویڈیوز اور دیگر حساس معلومات بھی فراہم کیں۔ سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کی معلومات غیر ملکی انٹیلی جنس اداروں کے لیے اہداف کے تعین اور اسٹریٹیجک تجزیے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔

بحرین کی وزارت داخلہ نے اس گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ملزم کو حراست میں لے کر اس سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے، تاہم حکام کی جانب سے اس مرحلے پر تحقیقات کی نوعیت اور تکنیکی تفصیلات کے بارے میں مزید معلومات جاری نہیں کی گئیں۔

حکام کے مطابق سیکیورٹی ادارے اس معاملے کے مختلف پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا اس کیس میں کسی اور فرد یا نیٹ ورک کا بھی کردار موجود ہے یا نہیں۔

سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے اور مزید شواہد سامنے آنے کے بعد اس معاملے کی تفصیلات عوام کے ساتھ شیئر کی جائیں گی۔

تجزیہ کاروں کے مطابق خلیجی ممالک میں اس نوعیت کے معاملات کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جاتا ہے اور حساس معلومات کے تبادلے سے متعلق کسی بھی سرگرمی کو قومی سلامتی کے تناظر میں دیکھا جاتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے