English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

جنگ کا گیارہواں روز، امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں میں شدت، تہران پر بھاری بمباری، متعدد اموات کی اطلاعات

القمر

ری پبلکن کانفرنس سے خطاب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف جاری کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ پیش کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ایران کی نئی قیادت کو پہلے ہی نشانہ بنایا جا چکا ہے اور آئندہ آنے والی قیادت کے لیے بھی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی، ایرانی بحریہ کے 51 جنگی جہاز تباہ کر دیے گئے ہیں اور اب یہ جہاز سمندر کی تہہ میں موجود ہیں۔ اس کے علاوہ ایرانی ڈرون اور میزائل سسٹمز کو بھی مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے جبکہ ڈرون کی تیاری کے مراکز کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے، ایران کے خلاف جاری جنگ میں امریکی افواج تقریباً جیت کے قریب پہنچ چکی ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ایران کے موجودہ مذہبی حکومتی نظام کو عالمی اور خطائی سطح پر سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی حکومت دنیا کو یرغمال بنانے کی کوششیں کر رہی ہے اور اپنے ریاستی وسائل کو دہشت گردانہ کارروائیوں میں استعمال کر رہی ہے، امریکی حملوں کا بنیادی مقصد ایران کے میزائل پروگرام کو مکمل طور پر ختم کرنا اور اس سے پیدا ہونے والے خطرات کو روکنا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں خطے کی موجودہ کشیدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، صدر پیوٹن نے امریکی ہم منصب کو ایران سے جاری جنگ کو جلد ختم کرنے کی تجویز دی اور اس سلسلے میں چند عملی سفارشات بھی پیش کیں، تاکہ تنازعے کا فوری اور مؤثر حل نکالا جا سکے۔

عالمی میڈیا کے مطابق بحرین کی انٹیلی جنس ایجنسی نے ایک بھارتی شہری نتن موہن کو حراست میں لے لیا ہے جس پر اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کو حساس معلومات فراہم کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے باعث فضائی بحران شدت اختیار کرگیا ہے اور آج بھی پاکستان سے مشرقِ وسطیٰ جانے والی 85 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، جبکہ مزید 56 پروازوں کی منسوخی کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق ایران کے ساتھ کشیدگی کے آغاز سے اب تک پاکستان سے مشرقِ وسطیٰ کے مختلف ممالک کے لیے منسوخ ہونے والی پروازوں کی مجموعی تعداد تقریباً 1600 تک پہنچ چکی ہے، جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدہ صورتحال کے اثرات عالمی تیل کی منڈی پر بھی واضح ہونے لگے ہیں، جہاں تیل پیدا کرنے والے بڑے ممالک نے یومیہ پیداوار میں نمایاں کمی کر دی ہے، سعودی عرب نے اپنی یومیہ تیل پیداوار میں 20 سے 25 لاکھ بیرل تک کمی کی ہے جبکہ متحدہ عرب امارات نے پیداوار میں 5 سے 8 لاکھ بیرل یومیہ کمی کی ہے۔ اس کے علاوہ کویت نے تقریباً 5 لاکھ بیرل یومیہ پیداوار کم کی ہے اور عراق نے بھی تقریباً 29 لاکھ بیرل یومیہ کمی کی تصدیق کی ہے۔ یہ اقدامات خطے میں جنگی حالات اور عالمی توانائی کی قیمتوں پر براہِ راست اثر ڈال سکتے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور جنگی حالات کے اثرات اب پاکستان کی توانائی مارکیٹ پر بھی واضح طور پر دکھائی دینے لگے ہیں، جس کے نتیجے میں پیٹرول کی قیمتوں کے بعد ایل پی جی کی قیمتوں میں بھی غیر معمولی اضافہ دیکھا جا رہا ہے، پیٹرولیم گیس ( ایل پی جی ) کی قیمت اب 250 روپے فی کلو سے بڑھ کر 320 سے 350 روپے فی کلو کے درمیان پہنچ گئی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق ایران میں امریکی اور اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 1332  ہو گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے