بھارت میں ایک افسوسناک حادثے میں اسکول بس کا فرش ٹوٹنے سے کمسن طالبہ جان کی بازی ہار گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست اترپردیش کے شہر آگرہ میں پیش آیا جہاں ایک خستہ حال اسکول بس حادثے کا سبب بن گئی اور 7 سالہ طالبہ زندگی کی بازی ہار گئی۔
پولیس کے مطابق حادثہ اتمد پور تھانہ کی حدود میں اس وقت پیش آیا جب چلتی بس کے فرش کا ایک حصہ اچانک ٹوٹ کر گر گیا۔ اس کے نتیجے میں پہلی جماعت کی سات سالہ طالبہ نینا سڑک پر جا گری اور بس کے پچھلے پہیوں کے نیچے آ کر جاں بحق ہو گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ طالبہ کے گرنے پر بس میں موجود دیگر طلبہ نے شور مچایا جس کے بعد بس کو روکا گیا، تاہم ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق طالبہ کے اہلِ خانہ نے پولیس کو بتایا کہ بس کے خراب فرش کے بارے میں پہلے بھی شکایت کی جا چکی تھی لیکن اس مسئلے کو بار بار نظر انداز کیا گیا۔
پولیس نے مجرمانہ غفلت کے الزام میں کارروائی کرتے ہوئے اسکول کے منیجر اروند یادیو اور بس ڈرائیور چندر پرکاش کو گرفتار کر لیا ہے۔
