English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ایران ہمسایہ ممالک کو نشانہ بنانے سے گریز کرے: حماس

القمر

فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے ایران پر زور دیا ہے کہ وہ جاری کشیدگی کے دوران ہمسایہ ممالک کو نشانہ بنانے سے گریز کرے اور خطے میں تناؤ کو مزید بڑھانے سے بچنے کے لیے محتاط حکمت عملی اختیار کرے۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق حماس نے اپنے ردعمل میں واضح کیا کہ ایران کو کسی بھی جارحیت کے مقابلے میں دفاع کا مکمل حق حاصل ہے اور وہ بین الاقوامی قوانین کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنے تحفظ کے لیے اقدامات کر سکتا ہے۔

تنظیم نے اس بات پر زور دیا کہ دفاعی کارروائیوں کے دوران خطے کے دیگر ممالک کو نشانہ بنانے سے اجتناب کیا جائے، موجودہ حالات میں علاقائی استحکام کو برقرار رکھنا انتہائی اہم ہے۔

حماس کے بیان میں مزید کہا گیا کہ موجودہ صورتحال میں ضروری ہے کہ تمام علاقائی ممالک مل کر کشیدگی کم کرنے اور تنازع کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کردار ادا کریں،اگر خطے کے ممالک باہمی تعاون اور ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں تو بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کیا جا سکتا ہے۔

فلسطینی تنظیم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مشرق وسطیٰ کے ممالک کو باہمی بھائی چارے، مشترکہ مفادات اور علاقائی استحکام کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون بڑھانا چاہیے تاکہ جاری بحران مزید سنگین صورت اختیار نہ کرے اور خطے میں امن و استحکام کی فضا برقرار رکھی جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے