نئی دہلی/کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے اور لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے یومِ اساتذہ کے موقع پر اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے سابق صدر ڈاکٹر سروپلی رادھا کرشنن کو ان کے یومِ پیدائش پر خراجِ عقیدت پیش کیا۔ کھرگے نے ہفتے کے روز سوشل میڈیا ایکسپر اپنے ایک پوسٹ میں کہا کہ اساتذہ ملک کے مستقبل کی بنیاد رکھنے کے ساتھ ساتھ طلبہ کے ذہنوں کو تشکیل دینے، ان میں اقدار پیدا کرنے اور آنے والی نسلوں کی تعمیر کا کام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یومِ اساتذہ پر ہر اس استاد کا احترام کیا جاتا ہے جن کا علم، صبر اور لگن نسلوں کو متاثر اور متحرک کرتی ہے۔
سابق صدر ڈاکٹر ایس رادھا کرشنن کو ان کے یومِ پیدائش پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک ممتاز فلسفی، استاد اور سیاست دان کے طور پر ان کی بصیرت آج بھی مشعلِ راہ ہے۔ گاندھی نے سابق صدر ڈاکٹر سروپلی رادھا کرشنن کے یومِ پیدائش پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے یومِ اساتذہ پر تمام اساتذہ کو دلی مبارکباد دی اور کہا کہ اپنے علم، خدمت اور لگن سے اساتذہ طلبہ کے مستقبل کو سنوارتے ہیں اور ملک کی آنے والی نسلوں کو سمت دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج ہندوستان کا تعلیمی نظام ہمارے سامنے کئی سنگین سوالات کھڑے کر رہا ہے۔ ہمیں مل کر ایک ایسا نظام بنانا ہے جہاں ہر طالب علم کو مساوی مواقع، معیاری تعلیم اور روشن مستقبل مل سکے۔