امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہیں اطلاعات ملی ہیں کہ ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای اب زندہ نہیں، تاہم ان کے مطابق یہ خبر محض افواہ بھی ہو سکتی ہے۔
اپنے ایک بیان میں صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے ایران کو فوجی اور معاشی طور پر مکمل شکست دے دی ہے اور خارگ جزیرے کا بڑا حصہ تباہ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ممکن ہے خارگ جزیرے پر مزید چند حملے صرف تفریح کے لیے بھی کیے جائیں۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ابھی یہ واضح نہیں کہ ایران نے آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھائی ہیں یا نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز سے تیل حاصل کرنے والے ممالک کو اس بحری راستے کی سکیورٹی خود یقینی بنانی چاہیے۔ ان کے مطابق امریکا اس سلسلے میں متعلقہ ممالک کے ساتھ تعاون کرے گا اور اس اہم گزرگاہ کے تحفظ کے لیے مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ یہ ہمیشہ ٹیم ورک ہونا چاہیے اور اب دنیا کو امن اور استحکام کی طرف بڑھنا ہوگا۔
