کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے شہر کے مختلف مسائل اور حکومتی کارکردگی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کے عوام کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جا رہا ہے ۔ شہر کے مسائل مسلسل بڑھتے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کے حقوق کے لیے جماعت اسلامی عید کے بعد بھرپور عوامی تحریک شروع کرے گی۔
نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے کہا کہ ستائیسویں شب پاکستان کے قیام کی یاد دلاتی ہے کیونکہ 14 اگست 1947 کو اسی شب پاکستان وجود میں آیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک نظریاتی ریاست ہے جو مسلمانوں کی طویل جدوجہد کا نتیجہ ہے تاہم ان کے مطابق وہ مقاصد ابھی تک مکمل طور پر حاصل نہیں کیے جا سکے جن کے لیے ملک قائم کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں بار بار چہرے بدل کر عوام پر حکمران مسلط کیے جاتے ہیں جبکہ عام شہری مہنگائی، بدانتظامی اور بنیادی سہولیات کی کمی جیسے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ کراچی میں پانی کی شدید قلت ہے مگر حکومتی حلقوں کی جانب سے کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
منعم ظفر خان نے کہا کہ مسئلہ کسی جماعت یا میئر کی ذاتی حیثیت کا نہیں بلکہ شہر میں عوامی نمائندگی کے نظام کا ہے۔ گزشتہ 18 برس کے دوران سندھ میں بدانتظامی کے باعث شہری مسائل میں اضافہ ہوا ہے ۔ کراچی کے عوام کو مسلسل مشکلات کا سامنا ہے۔
انہوں نے شہر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات اور ڈمپر و ٹرالر کی زد میں آ کر ہونے والی ہلاکتوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 70 دنوں میں ایسے حادثات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جبکہ اسٹریٹ کرائم کی ہزاروں وارداتیں رپورٹ ہو چکی ہیں اور کئی شہری موبائل چھیننے کی وارداتوں میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے حکومت سے سوال کیا کہ پانی کی فراہمی، ماس ٹرانزٹ ٹرانسپورٹ اور سیف سٹی جیسے بڑے منصوبے طویل عرصہ گزرنے کے باوجود مکمل کیوں نہیں ہو سکے۔ انہوں نے کریم آباد انڈرپاس منصوبے پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کے نام پر شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی کے عوام کو ان کے حقوق سے آگاہ کر رہی ہے اور عید کے بعد شہری حقوق کے لیے باقاعدہ تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔ جماعت اسلامی میگا سٹی گورنمنٹ کے قیام کا مطالبہ بھی کر رہی ہے تاکہ بڑے شہر کے مسائل کو مؤثر طریقے سے حل کیا جا سکے۔
منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے بھی مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطے جاری ہیں۔ انہوں نے نئے گورنر سندھ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ شہر کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جماعت اسلامی کے بنو قابل پروگرام کے تحت کراچی میں ہزاروں نوجوانوں کو آئی ٹی کی تعلیم فراہم کی جا رہی ہے اور اب تک 20 ہزار نوجوان اس پروگرام کے ذریعے جدید ٹیکنالوجی کی تربیت حاصل کر رہے ہیں۔
