English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

آئی ایم ایف کا پاکستان سے مزید سخت اقدامات کا مطالبہ، ٹیکس نظام میں اصلاحات پر زور

القمر

اسلام آباد: پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان ورچوئل اقتصادی جائزہ مذاکرات جاری ہیں، جن میں ادارے نے اسٹاف لیول معاہدے تک پہنچنے کے لیے مزید سخت اقدامات کا مطالبہ کر دیا ہے، 7 ارب ڈالر کے پروگرام کے تحت پاکستان پر نگرانی مزید سخت ہونے کا امکان ہے۔

آئی ایم ایف نے ٹیکس نظام میں شفافیت بڑھانے کے لیے جدید اصلاحات پر زور دیتے ہوئے ڈیجیٹل انوائسنگ سسٹم کے نفاذ کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی رسک بیسڈ آڈٹ کو لازمی قرار دینے کی تجویز بھی دی گئی ہے تاکہ ٹیکس چوری کو مؤثر طریقے سے روکا جا سکے۔

ادارے نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ٹیکس اہداف پورے نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے مزید شرائط عائد کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ آئی ایم ایف نے واضح کیا ہے کہ صرف وعدوں کے بجائے عملی نتائج درکار ہیں۔

دوسری جانب ایف بی آر نے بھی ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کے لیے اقدامات تیز کر دیے ہیں، فیکٹریوں اور دکانوں کی پیداوار اور فروخت کی نگرانی سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ کاروباری سیلز کو آن لائن رپورٹ کرنا لازمی بنانے کی تیاری کی جا رہی ہے، اس وقت صرف ایک تہائی کاروبار مکمل ڈیٹا فراہم کر رہے ہیں۔

حکام کے مطابق مزید برآں ٹیکس آڈٹس کے ذریعے مخصوص آمدن حاصل کرنے کا ہدف مقرر کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے، ٹیکس دہندگان کی جانب سے عدالتوں سے رجوع کرنے کے باعث وصولیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

وزارت خزانہ کے حکام کے مطابق اگر مذاکرات میں پیش رفت ہوتی ہے تو جلد اسٹاف لیول معاہدہ طے پانے کا امکان ہے، جو ملکی معیشت کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے