مدھیہ پردیش: بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہراندور میں خاتون جج پنکھا گرنے سے زخمی ہوگئی۔
اندور کی ضلعی عدالت میں سماعت کے دوران اچانک چلتا ہوا سیلنگ فین خاتون جج پر گر گیا، جس سے وہ زخمی ہو گئیں اور کمرہ عدالت میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج آرتی ڈھینگرا اپنی عدالت میں کیس کی سماعت کر رہی تھیں اور کارروائی پوری طرح جاری تھی۔
عینی شاہدین کے مطابق پنکھا گرنے سے چند لمحے پہلے زور دار آواز سنائی دی، جس کے بعد بھاری پنکھا سیدھا جج کی کرسی پر آ گرا۔
حادثے کے فوراً بعد عدالت میں موجود افراد نے خاتون جج کو قریبی اسپتال پہنچایا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کا طبی معائنہ کیا۔
انہیں سر اور کندھے پر چوٹیں آئیں، تاہم حکام کے مطابق چوٹیں زیادہ سنگین نہیں تھیں۔
بار ایسوسی ایشن کے صدر ایل این یادو نے بتایا کہ عدالت کے احاطے میں ابتدائی طبی امداد دی گئی، جس کے بعد اہل خانہ انہیں گھر لے گئے۔ بعد میں انہوں نے رخصت لے لی۔
اس اچانک حادثے کے باعث عدالت کی کارروائی عارضی طور پر روک دی گئی اور وکلا و دیگر افراد میں بے چینی پھیل گئی۔
ذرائع کے مطابق اس واقعے کی باضابطہ پولیس شکایت درج نہیں کرائی گئی، تاہم عدالتی حلقوں میں اس پر تشویش پائی جا رہی ہے۔حادثے کے بعد وکلا نے عدالت کی خراب حالت پر سخت ناراضگی ظاہر کی۔
وکیل ونود دویویدی نے کہا کہ عمارت کی خستہ حالی، چھتوں کی کمزوری اور پرانے برقی نظام کے باعث عدالتیں خطرناک بن چکی ہیں اور یہاں روزانہ آنے والے ججوں، وکلا اور عوام کی جان کو خطرہ لاحق ہے۔
بار ایسوسی ایشن نے بھی کہا کہ بارہا شکایات کے باوجود عمارت کی مناسب دیکھ بھال نہیں کی گئی، جس کے نتیجے میں یہ حادثہ پیش آیا۔
وکلا کے مطابق اندور ضلع عدالت میں اس سے پہلے بھی کئی بار سماعت کے دوران پلستر گرنے اور بارش کے موسم میں پانی رسنے جیسے واقعات پیش آ چکے ہیں۔ عدالت میں بنیادی سہولیات کی کمی بھی ایک بڑا مسئلہ ہے، یہاں تک کہ بعض اوقات بیت الخلا کی سہولت نہ ہونے کے باعث عوام کو پبلک ٹوائلٹ استعمال کرنا پڑتا ہے۔
