اسلام آباد میں وفاقی حکومت کی جانب سے آج پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کے اعلان کا امکان ہے، جس کے تحت پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کی تجویز سامنے آئی ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت کو پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 29 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 49 روپے اضافے کی سمری ارسال کی گئی ہے، حتمی فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 14 مارچ کو حکومت نے ایک ہفتے کے لیے تقریباً 23 ارب روپے کا مالی بوجھ برداشت کرتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھی تھیں۔ اس دوران پیٹرول کی قیمت میں 49 روپے 63 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 75 روپے 5 پیسے فی لیٹر اضافے کو مؤخر کیا گیا، جسے پرائس ڈیفرنشیل کلیمز کی مد میں ایڈجسٹ کیا گیا۔
مزید یہ کہ آئندہ ہفتے کے لیے بھی قیمتیں برقرار رکھنے کی تجویز زیر غور ہے، جس کے لیے حکومت دوبارہ سبسڈی دینے کا فیصلہ کر سکتی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس وقت پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 121 روپے 77 پیسے (تقریباً 38 فیصد) جبکہ ڈیزل میں 73 روپے 42 پیسے (تقریباً 22 فیصد) ٹیکس شامل ہے، جس میں کسٹم ڈیوٹی، پیٹرولیم لیوی اور کلائمیٹ سپورٹ لیوی بھی شامل ہیں۔
