واشنگٹن: امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے بعد سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہوئی، جس میں ڈونلڈ ٹرمپ کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا کہ انہوں نے پاکستان کو ممکنہ جنگ میں شامل نہ ہونے کی وارننگ دی ہے۔ ویڈیو میں یہ تاثر بھی دیا گیا کہ پاکستان نے ایران پر حملے کی صورت میں سخت ردعمل کی دھمکی دی ہے اور ملکی افواج ہائی الرٹ پر ہیں جبکہ وزیر دفاع خواجہ آصف کے حوالے سے بھی سخت مؤقف دکھایا گیا۔
تحقیقات سے معلوم ہوا کہ یہ ویڈیو مصنوعی ذہانت (AI) کی مدد سے تیار کی گئی ہے اور اس میں شامل آڈیو بھی حقیقی نہیں۔ ریورس امیج سرچ کے ذریعے پتا چلا کہ اصل ویڈیو 30 مئی 2025 کی ہے، جب ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں ایلون مسک کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس کی تھی، جس کا ایران سے جاری کشیدگی یا پاکستان کے ممکنہ کردار سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ مکمل پریس کانفرنس میں پاکستان کے حوالے سے کوئی جنگی بیان سامنے نہیں آیا۔
مزید برآں اے آئی مواد کی شناخت کرنے والے پلیٹ فارم Hive Moderation نے بھی اس ویڈیو کا تجزیہ کیا اور اسے 95 فیصد سے زائد امکان کے ساتھ مصنوعی قرار دیا،سوشل میڈیا پر اس نوعیت کی گمراہ کن ویڈیوز تیزی سے پھیلتی ہیں، اس لیے عوام کو چاہیے کہ غیر مصدقہ معلومات پر یقین کرنے سے گریز کریں۔
واضح رہے کہ ایران پر حالیہ حملوں کے بعد ٹرمپ کی جانب سے پاکستان یا اس کی فوج کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔
