اسلام آباد : وفاقی حکومت نے ملک میں پٹرول کی قیمت نہ بڑھانے کےلیے ترقیاتی بجٹ میں کمی کردی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں پیدا ہونے والے مالی دبائو کو سنبھالنے کے لیے ترقیاتی بجٹ میں کمی کر دی گئی ہے۔
پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) میں 100 ارب روپے کی کٹوتی کی گئی ہے جو تقریباً 10 فیصد کمی بنتی ہے۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے اپنے ایک بیان میں اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ قدم معاشی دبائو کو متوازن رکھنے اور عوام پر پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ ڈالنے سے بچنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی راشن بندی کے لیے ڈیجیٹل نظام لانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لیے حکومت ایک ایپ تیار کر رہی ہے جسے پیٹرولیم مصنوعات کے صارفین ڈائون لوڈ کر سکیں گے۔
ہر شہری اپنی گاڑی کا نمبر اور اپنا شناختی کارڈ نمبر درج کرکے ایپ میں رجسٹریشن کروائے گا، حکومت ہر شہری کا اس کی ضرورت اور دستیابی کے مطابق پٹرولیم کوٹہ مقرر کرے گا۔
بتایا جارہا ہے کہ ہر شہری کو ایپ میں طے شدہ کوٹے کے مطابق روزانہ کا پٹرول یا ڈیزل مل سکے گا، اس سلسلے میں حکومت نے پچھلے مارچ سے اس مارچ تک پیٹرولیم مصنوعات کے استعمال کا تقابلی جائزہ لیا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے دوران توانائی بحران کے باعث پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کے باوجود ان کے استعمال میں کمی کے بجائے اضافہ ہو رہا ہے۔
