English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ریل کرایوں میں جرنلسٹس کو دی جانے والی سہولت کم کرنے پر صحافی برادری سراپا احتجاج

القمر

نواب شاہ:پاکستان میں صحافیوں کے لیے ریلوے سفری سہولیات میں کمی کے خلاف صحافتی تنظیموں نے شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے حکومت اور میڈیا کے درمیان فاصلے بڑھانے کی کوشش قرار دیا ہے جبکہ اس اقدام کے خلاف ملک بھر میں تشویش اور غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کی صدر ڈاکٹر سعدیہ کمال، جنرل سیکریٹری انیس حیدر، سینئر نائب صدر ناصر شیخ، نائب صدر نیئر سرحدی، فنانس سیکریٹری جاوید ملک، ایڈیشنل سیکریٹری عمر فاروق گوندل، جوائنٹ سیکریٹری ایوب برمی، جبکہ راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کے صدر عبدالحمید عابد اور ایف ای سی ممبر بلال قریشی سمیت دیگر رہنماؤں نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ محکمہ ریلوے کی جانب سے صحافیوں کے لیے فراہم کردہ رعایتوں میں کمی ایک افسوسناک اقدام ہے۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ عید کے دنوں میں ریلوے حکام خود ایک ارب روپے سے زائد منافع کا دعویٰ کر چکے ہیں، اس کے باوجود صحافیوں کو دی جانے والی اسی فیصد کرایہ رعایت کم کر کے پچاس فیصد کر دی گئی جبکہ کارڈ ہولڈر صحافیوں کی اہلیہ کو ملنے والی پچاس فیصد رعایت مکمل طور پر ختم کر دی گئی ہے۔ اس فیصلے کے بعد صحافی برادری میں شدید اشتعال پایا جا رہا ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ ریلوے کی بیوروکریسی نے پاکستان ریلوے کے وفاقی وزیر کو غلط معلومات فراہم کر کے یہ فیصلہ کروایا، جس کے نتیجے میں پہلے سے معاشی مشکلات کا شکار صحافیوں پر مزید بوجھ ڈال دیا گیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ نجکاری کے تحت چلنے والی ٹرینوں میں بھی قانون کے مطابق صحافیوں کو رعایت ملنی چاہیے، تاہم عملی طور پر نجی آپریٹرز ان سہولیات پر عملدرآمد نہیں کر رہے۔ رہنماؤں کے مطابق ریلوے حکام اور نجی ٹرین مالکان کے درمیان مبینہ ملی بھگت کے باعث صحافی ان ٹرینوں میں بھی رعایت سے محروم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں چند سرکاری ٹرینوں میں دی جانے والی سہولیات بھی اب ختم کی جا رہی ہیں، جو کہ صحافیوں کے ساتھ ناانصافی ہے۔ صحافتی رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس فیصلے کا فوری نوٹس لیا جائے، رعایتوں کو بحال کیا جائے اور صحافیوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے