اسلام آباد: دنیا بھر میں جیٹ فیول کی قیمت میں اضافہ ہونے پر پاکستان میں جہازوں کے ٹکٹ 100 فیصد مہنگے ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جیٹ فیول کی قیمت میں غیر معمولی اضافے کی وجہ سے ملکی و بین الاقوامی ایئرلائنز نے اپنے کرایوں میں اضافہ کردیا جس کی وجہ یہ بتائی جارہی ہے کہ جیٹ فیول کی قیمت 176 روپے سے مہنگا ہونے کے بعد 417 روپے فی لٹر تک پہنچ چکی ہے۔
جیٹ فیول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث فضائی سفر مزید مہنگا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
ایئرلائنز حکام کا کہنا ہے کہ فیول کی بڑھتی ہوئی قیمت کے بوجھ کو ٹکٹوں کی قیمتوں میں اضافے کی صورت میں صارفین پر منتقل کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں، جس کی وجہ سے ایئرلائنز کی جانب سے کرایوں میں 100 فیصد تک اضافے کیا جارہا ہے۔
اس مقصد کے لیے پی آئی اے نے اپنی لوکل پروازوں پر 10 ڈالر فیول سرچارج نافذ کردیا ہے، کینیڈا کے روٹس پر یہ اضافی چارج 100 ڈالر تک ہے۔
بتایا گیا ہے کہ برطانیہ جانے والی پروازوں پر 75 ڈالر، سعودی عرب اور گلف کے روٹس پر 50 ڈالر تک سرچارج لگایا گیا ہے۔
اسی طرح نجی ایئرلائنز نے بھی 15 سے 150 ڈالر تک اضافی چارجز نافذ کر دیے کیوں کہ خلیجی فضائی حدود کی بندش اور فیول کی بڑھتی قیمتوں کی وجہ سے کرایوں میں غیر معمولی اضافہ ناگزیر ہوگیا۔
اس اضافے کا مقصد صرف فیول کے اضافے کا بوجھ برداشت کرنا ہے، مستقبل میں اگر فیول کی قیمت میں کمی ہوئی تو کرایوں میں بھی کمی کا امکان ہے۔
