English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

چین کا امریکا ایران مذاکرات پر زور، پاکستان کے کردار کی حمایت

القمر

بیجنگ: چین نے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بات چیت کے ذریعے نہ صرف جانی نقصان سے بچا جا سکتا ہے بلکہ آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کو بھی معمول پر لایا جا سکتا ہے جبکہ پاکستان کے کردار کو بھی سراہا گیا ہے۔

چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے یہ بات پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ٹیلی فونک رابطے کے دوران کہی۔ چینی وزارت خارجہ کے مطابق وانگ یی نے زور دیا کہ مزید جانی نقصان اور تنازع کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مذاکرات ہی واحد راستہ ہیں، اور اس عمل سے آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کی بحالی بھی ممکن ہو سکتی ہے۔

انہوں نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور ثالثی کی کوششوں میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیجنگ ان اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔

دوسری جانب پاکستان نے ایک روز قبل تصدیق کی تھی کہ وہ امریکا اور ایران کے درمیان پیغامات کی ترسیل میں براہ راست کردار ادا کر رہا ہے تاکہ جنگ کے خاتمے کی راہ ہموار کی جا سکے۔

 وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان میں کہا کہ مشرق وسطیٰ اور خطے میں امن و استحکام کی بحالی ناگزیر ہے اور فریقین نے فوری جنگ بندی، مذاکرات کی بحالی، غیر جنگجو افراد کے تحفظ اور بحری راستوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے پر اتفاق کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام تنازعات کو مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کرنے کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

یاد رہے کہ اٹھائیس فروری کو امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر مشترکہ حملوں کے بعد خطے میں کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ان حملوں میں ایک ہزار تین سو چالیس سے زائد افراد شہید ہو چکے ہیں، جن میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای بھی شامل ہیں۔

اس کے جواب میں ایران نے اسرائیل، اردن، عراق اور خلیجی ممالک میں امریکی تنصیبات کو میزائل اور ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا، جس سے نہ صرف جانی نقصان ہوا بلکہ عالمی منڈیوں اور فضائی آپریشنز بھی متاثر ہوئے ہیں۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے