English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کویت کی پاکستان کو پیٹرولیم سپلائی میں تعاون کی یقین دہانی

القمر

اسلام آباد: کویت نے پاکستان کو ڈیزل اور جیٹ فیول کی ممکنہ ترسیل کے لیے مکمل سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا دی، جسے دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کا اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ پیشرفت اس وقت سامنے آئی جب وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے کویت کے سفیر ناصر عبدالرحمان جاسم المطیری نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، خصوصاً توانائی کے شعبے میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق کویت پیٹرولیم کارپوریشن نے پاکستانی پرچم بردار جہازوں کو کویت سے ڈیزل اور جیٹ فیول کی ممکنہ ترسیل کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

اس موقع پر علی پرویز ملک نے کویت کی جانب سے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کا مظہر ہے، پاکستان گزشتہ تقریباً 50 برس سے کویت سے پیٹرولیم مصنوعات، خصوصاً ڈیزل درآمد کر رہا ہے جو باہمی اعتماد اور شراکت داری کی عکاسی کرتا ہے۔

کویتی سفیر نے اس موقع پر کہا کہ کویت پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کے کردار کو بھی سراہا۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف تنازعات کے پرامن حل کے لیے فعال کردار ادا کر رہے ہیں اور پاکستان خطے میں استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے