غزہ :جنگ زدہ غزہ سے سامنے آنے والی ایک دل دہلا دینے والی ویڈیو نے عالمی سطح پر توجہ حاصل کرلی ہے، جس میں معصوم بچوں کے کھیل میں بھی جنگ کے اثرات نمایاں دکھائی دے رہے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک عارضی کیمپ میں موجود کم عمر بچے اپنی گڑیا کے ساتھ کھیل رہے ہیں، ان کا کھیل عام بچوں جیسا نہیں بلکہ جنگی حالات کی عکاسی کر رہا ہے۔ بچے اپنی گڑیا کو اسٹریچر پر رکھ کر جنازے کی نقل کرتے ہیں اور اس کے گرد جمع ہوکر ایک منظر ترتیب دیتے ہیں جو علاقے میں جاری انسانی المیے کی جھلک پیش کرتا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو نے صارفین کو افسردہ کر دیا ہے۔ متعدد افراد نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ مناظر اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ مسلسل بمباری اور تشدد نے بچوں کی نفسیات پر گہرے اثرات مرتب کیے ہیں، جہاں کھیل بھی غم اور خوف کی علامت بن چکا ہے۔
ماہرین نفسیات کے مطابق ایسے حالات میں رہنے والے بچوں میں ذہنی دباؤ، خوف اور عدم تحفظ کے احساسات بڑھ جاتے ہیں جو ان کے رویوں اور کھیل کے انداز میں بھی ظاہر ہوتے ہیں۔ انسانی حقوق کی تنظیمیں پہلے ہی خبردار کر چکی ہیں کہ جنگ زدہ علاقوں میں بچوں کی ذہنی صحت شدید خطرات سے دوچار ہوتی ہے اور فوری توجہ کی متقاضی ہے۔
واضح رہے کہ غزہ میں جاری کشیدگی کے باعث لاکھوں افراد بے گھر ہوچکے ہیں اور بڑی تعداد میں بچے عارضی کیمپوں میں رہنے پر مجبور ہیں، جہاں انہیں بنیادی سہولیات کے ساتھ ساتھ محفوظ ماحول بھی میسر نہیں۔
