راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کی دراندازی کی بڑی کوشش کو بروقت اور مؤثر کارروائی کے ذریعے ناکام بنا دیا ۔
اس کامیاب آپریشن کے نتیجے میں فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 8 دہشت گردوں کو جہنم رسید کر دیا گیا ہے۔
شمالی وزیرستان کے سرحدی علاقے میں سیکیورٹی اہلکاروں نے مشکوک نقل و حرکت کی نشاندہی کے بعد فوری ردعمل ظاہر کیا۔ سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت جوابی کارروائی سے دہشت گردوں کے گروہ کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
علاقے میں کسی بھی چھپے ہوئے مزید دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کا کلیرنس آپریشن تاحال جاری ہے۔
پاکستان کی جانب سے افغان عبوری حکومت پر مسلسل زور دیا جا رہا ہے کہ وہ اپنی سرحدی ذمہ داریوں کو پورا کرے۔ افغان سرزمین کا پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونا خطے کے امن اور دونوں ممالک کے تعلقات کے لیے ایک بڑی رکاوٹ بنا ہوا ہے۔
پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کے دفاع کے لیے پرعزم ہیں اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے عزم استحکام مہم کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ عسکری حکام کا کہنا ہے کہ مادر وطن کی حفاظت کے لیے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کے افسران اور جوانوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے جو ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جاری اس جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ حکومت اور سیکیورٹی ادارے ملک میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔
