English Al Qamar Urdu جون 21, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

مہنگائی کا طوفان، گڈز ٹرانسپورٹ کا کرایوں میں 60 فیصد اضافے کا اعلان

القمر

اسلام آباد: حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اب تک کے سب سے بڑے اضافے کے بعد پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 60 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔

حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 137 روپے 24 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 184 روپے 49 پیسے کا اضافہ کیا ہے۔

صدر پاکستان گڈز الائنس ملک شہزاد نے قیمتوں میں اس بھاری اضافے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے ملک میں مہنگائی کا ایک نیا اور شدید طوفان آئے گا جس کا براہِ راست اثر عام آدمی کی قوتِ خرید پر پڑے گا۔

ملک شہزاد نے مزید کہا کہ حکومتی پالیسیاں معاشی طور پر ناکام ہو چکی ہیں، جس کی وجہ سے پہلے ہی لاکھوں افراد بیروزگاری کا سامنا کر رہے ہیں۔ اگر حکومت نے قیمتوں پر نظر ثانی نہ کی تو ملک بھر میں سامان کی ترسیل کا نظام مکمل طور پر ٹھپ ہو جائے گا اور ٹرانسپورٹ رک جائے گی۔

دوسری جانب پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ اونر ایسوسی ایشن بھی حکومتی فیصلے پر سراپا احتجاج ہے اور انہوں نے اس صورتحال پر ایک ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔

ایسوسی ایشن کے عہدیداران کا کہنا ہے کہ ڈیزل کی قیمت میں اضافے کے تناسب سے کرائے بڑھانا ناگزیر ہے، ورنہ ٹرانسپورٹرز کے لیے کاروبار جاری رکھنا ناممکن ہو جائے گا۔

عہدیداران نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت قیمتیں کنٹرول نہیں کر سکتی تو انہیں واضح طور پر کہہ دے کہ وہ اپنا کاروبار بند کر کے گھر بیٹھ جائیں۔ حکومتی فیصلوں نے ٹرانسپورٹ سیکٹر کو شدید بحران میں دھکیل دیا ہے، جس کے اثرات اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر بھی پڑنے کا خدشہ ہے۔

واضح رہے کہ وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور وزیر خزانہ کی جانب سے مشترکہ پریس کانفرنس میں پیٹرول کی نئی قیمت 458 روپے 41 پیسے فی لیٹر مقرر کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ملک بھر میں اس بڑے معاشی فیصلے کے بعد سے ہر طبقہ فکر میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے اور تجارتی حلقے بھی پریشان ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے