اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ دوسرے جائزے کیلیے اسٹاف لیول کا معاہدہ طے ہوگیا۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی (ای ایف ایف) کے تیسرے اور ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی (آر ایس ایف) کے دوسرے جائزے پر اسٹاف لیول معاہدہ حاصل کر لیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تمام مقداری اور ساختی اہداف حاصل کیے گئے ہیں، اسٹاف لیول معاہدے کی آئی ایم ایف بورڈ کی منظوری متوقع ہے، جس کے بعد اگلی قسط جاری ہو جائے گی ۔
وزارت خزانہ کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ نے عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاس 2026 کے موقع پر جیفریز انٹرنیشنل کے زیر اہتمام ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کے ایک راؤنڈ ٹیبل اجلاس میں شرکت کی۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی (ای ایف ایف) کے تیسرے اور ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی (آر ایس ایف) کے دوسرے جائزے پر اسٹاف لیول معاہدہ حاصل کر لیا ہےجس میں تمام مقداری اور ساختی اہداف حاصل کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف بورڈ کی منظوری متوقع ہے، جس کے بعد اگلی قسط جاری ہو جائے گی وزیر خزانہ نے مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے پاکستان کی معیشت پر اثرات پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ ابتدائی اثرات واضح ہیں جبکہ دوسرے اور تیسرے درجے کے اثرات کا انحصار تنازع کے دورانیے اور شدت پر ہوگا۔
انہوں نے حکومتی اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ مالیاتی توازن برقرار رکھنے کے لیے ہدفی سبسڈیز، ترقیاتی اخراجات میں کمی اور وفاقی سطح پر کفایت شعاری کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
