English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

تہران میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے، سپریم لیڈر کے حق میں بھرپور مظاہرہ

القمر

ایران کے دارالحکومت تہران میں ہزاروں افراد نے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کے حق میں بھرپور مظاہرہ کیا، جہاں انقلاب اسکوائر پر خواتین، بچوں اور مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی۔

مظاہرین نے ریلیوں اور مارچ کے ذریعے اپنی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے خطے کی حالیہ صورتحال پر اپنے جذبات کا کھل کر اظہار کیا۔ مظاہروں کے دوران ایک اور ریلی میں ماؤں نے اپنے بچوں کے ہمراہ شرکت کی، جسے عوامی سطح پر یکجہتی کی علامت قرار دیا گیا۔

دوسری جانب یمن کے دارالحکومت صنعا میں بھی لاکھوں افراد سڑکوں پر نکل آئے، جہاں ایران، لبنان، عراق اور فلسطین کے حق میں ریلیاں نکالی گئیں اور مزاحمتی تنظیموں کے حق میں نعرے بلند کیے گئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کے بعد بھی تہران میں شہریوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر آئی تھی، جہاں حزب اللہ کے حق میں نعرے بازی کی گئی اور اسرائیل مخالف مظاہرے کیے گئے۔ ان مظاہروں میں شریک افراد کا کہنا تھا کہ جنگ بندی مزاحمتی قوتوں کی اخلاقی اور عسکری برتری کا مظہر ہے۔

پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل اسماعیل قاآنی نے اپنے بیان میں کہا کہ موجودہ صورتحال خطے کی مزاحمتی تحریکوں کی کامیابی اور عوامی استقامت کا نتیجہ ہے۔ اگر جنگ بندی برقرار رہتی ہے تو اس کا کریڈٹ لبنانی عوام کی قربانیوں اور ایران کی مسلسل حمایت کو جاتا ہے۔

مظاہروں کے دوران ایک غیر معمولی منظر بھی دیکھنے میں آیا جہاں شہریوں نے پاکستانی پرچم لہرا کر پاکستان کے کردار کو سراہا۔ عالمی میڈیا کی توجہ حاصل کرنے والے ان مناظر میں شرکا نے مختلف عالمی معاملات میں پاکستان کے مؤقف کو مثبت انداز میں پیش کیا اور اس کی سفارتی کوششوں کی تعریف کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے