English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پینٹاگون کے قریب بسوں میں تصادم، متعدد افراد زخمی، سیکیورٹی ہائی الرٹ

القمر

پینٹاگون کے قریب پیش آنے والے ایک خوفناک حادثے نے سیکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا، جہاں دو بسوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ صبح تقریباً 7 بج کر 20 منٹ پر پیش آیا، جس کے فوراً بعد ایمرجنسی سروسز، فائر بریگیڈ اور ایمبولینسیں بڑی تعداد میں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ حادثے کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور سیکیورٹی حکام کی دوڑیں لگ گئیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق پینٹاگون فورس پروٹیکشن ایجنسی نے تصدیق کی ہے کہ اومنی رائیڈ اور فیئر فیکس کنیکٹر کی بسیں میٹرو ایکسس روڈ پر آپس میں ٹکرا گئیں۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ بسوں کو خاصا نقصان پہنچا اور متعدد مسافر زخمی ہوگئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق 23 زخمی افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ 5 افراد کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد دے کر چھوڑ دیا گیا۔ زخمیوں کی حالت کے حوالے سے تاحال مکمل تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔

سیکیورٹی اداروں نے واقعے کے بعد پینٹاگون کے اطراف سیکیورٹی مزید سخت کر دی ہے اور ریڈ زون میں داخلے پر بھی اضافی پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں، حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، تاہم فوری طور پر کسی قسم کی تخریب کاری یا دہشت گردی کے شواہد نہیں ملے۔

دوسری جانب عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ تصادم کے بعد جائے حادثہ پر شدید بدنظمی دیکھنے میں آئی، تاہم امدادی ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے صورتحال کو قابو میں کر لیا۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر متاثرہ علاقے کا رخ نہ کریں تاکہ امدادی سرگرمیوں میں رکاوٹ نہ آئے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے