English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

دہلی ایئرپورٹ پر طیارے کے انجن میں آگ لگ گئی، بڑا حادثہ ٹل گیا

القمر

بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ایک بڑا فضائی حادثہ ٹل گیا جب سوئس انٹرنیشنل ایئر لائنز کی زیورخ جانے والی پرواز کے انجن میں ٹیک آف کے فوراً بعد آگ بھڑک اٹھی۔

خبر رساں اداروں کے مطابق صورتحال اچانک خراب ہونے پر پائلٹ نے فوری فیصلہ کرتے ہوئے طیارے کو ہنگامی طور پر واپس اتار لیا، جس کے باعث تمام مسافر محفوظ رہے تاہم 6 افراد معمولی زخمی ہو گئے۔

ایئرلائن کے مطابق پرواز LX147 مقامی وقت کے مطابق رات ایک بج کر آٹھ منٹ پر دہلی سے روانہ ہونے والی تھی۔ جیسے ہی طیارہ اڑان بھرنے کے مرحلے میں داخل ہوا، ایک انجن میں تکنیکی خرابی پیدا ہوئی جس کے بعد آگ لگ گئی۔ عملے نے فوری طور پر ہنگامی پروٹوکول پر عمل کرتے ہوئے صورتحال کو قابو میں لیا اور طیارے کو محفوظ طریقے سے واپس رن وے پر اتار لیا۔

ترجمان نے بتایا کہ طیارے میں اس وقت 228 مسافر اور 4 بچے سوار تھے۔ عملے کی بروقت کارروائی کے باعث تمام افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا اور بڑے جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔ ایئرلائن کے مطابق عملے کے تمام ارکان مکمل طور پر محفوظ رہے جبکہ 6 مسافروں کو معمولی چوٹوں کے باعث طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

واقعے کے بعد ائیرپورٹ پر کچھ دیر کے لیےخوف و ہراس کی فضا پیدا ہو گئی، تاہم حکام نے فوری امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔  متعلقہ اداروں نے انجن میں خرابی کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے