سندھ حکومت نے صوبے بھر میں ڈرون کیمروں کے استعمال پر عائد پابندی میں مزید 60 روز کی توسیع کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کا مقصد سیکیورٹی صورتحال کو مزید مؤثر انداز میں برقرار رکھنا ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 کے تحت پہلے سے نافذ ڈرون پروازوں کی پابندی میں اضافہ کیا گیا ہے، اور اب یہ پابندی آئندہ 60 روز تک مزید برقرار رہے گی۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ اس حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ پابندی تمام شہری اور نجی استعمال کے ڈرونز پر لاگو ہوگی، تاہم سیکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس سے مستثنیٰ ہوں گے تاکہ وہ اپنے فرائض انجام دے سکیں۔
واضح رہے کہ سندھ بھر میں ڈرون اڑانے پر پابندی کا سلسلہ 27 فروری سے جاری ہے، جس میں مختلف مراحل پر توسیع کی جاتی رہی ہے۔ حکام کے مطابق یہ اقدام امن و امان کی صورتحال اور حساس تنصیبات کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جا رہا ہے۔