اسلام آباد: پاور ڈویژن کے ترجمان نے بتایا ہے کہ ایل این جی کی عدم دستیابی کے باعث تقریباً 5 ہزار میگاواٹ صلاحیت کے پاور پلانٹس سے بجلی پیدا نہیں ہو رہی۔
ترجمان کے مطابق 27 اپریل کی رات پیک اوقات میں صورتحال کچھ بہتر رہی، کیونکہ تربیلا ڈیم سے پانی کے اخراج میں اضافے کے نتیجے میں پن بجلی کی پیداوار بڑھی اور یہ تقریباً 6 ہزار میگاواٹ تک پہنچ گئی، جبکہ ملک میں پن بجلی کی مجموعی استعداد 11 ہزار 500 میگاواٹ ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بعض پاور پلانٹس کو مقامی گیس کی فراہمی سے بھی پیداوار میں بہتری آئی، جس سے 100 میگاواٹ اضافی بجلی سسٹم میں شامل کرنا ممکن ہوا، جبکہ جنوبی علاقوں سے 500 میگاواٹ بجلی کی ترسیل بھی کی گئی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے پیک اوقات میں ایک سے دو گھنٹے تک لوڈ مینجمنٹ کی، اور پن بجلی میں اضافے کے باعث یہ دورانیہ دو گھنٹے سے زیادہ نہیں رہا۔ انہوں نے واضح کیا کہ زیادہ نقصانات والے فیڈرز پر اکنامک مینجمنٹ پالیسی کے تحت لوڈ مینجمنٹ کی جا رہی ہے، جس کا پیک آورز کی لوڈشیڈنگ سے براہ راست تعلق نہیں۔