ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

غزہ امدادی فلوٹیلا پر اسرائیلی جارحیت: اٹلی کا حراست میں لیے گئے افراد کی رہائی کا مطالبہ

روم: اٹلی نے جنگ زدہ فلسطینی علاقے غزہ کے لیے امداد لے جانے والے بحری جہازوں پر اسرائیل کی جانب سے کی جانے والی کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اپنے شہریوں سمیت تمام زیر حراست افراد کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل نے بین الاقوامی سمندری حدود میں امدادی قافلے پر جارحانہ کارروائی کرکے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے، غیر قانونی طور پر حراست میں لیے گئے تمام اطالوی شہریوں سمیت تمام افراد کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔

اطالوی حکومت نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قانون کا احترام کرے اور “گلوبل صمود فلوٹیلا” میں شامل تمام افراد کی سلامتی کو یقینی بنائے۔ یہ امدادی قافلہ غزہ کے محصور شہریوں کے لیے انسانی امداد لے کر جا رہا تھا۔

بیان کے مطابق اٹلی نے انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی اور بین الاقوامی قوانین کے احترام پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ غزہ کو امداد پہنچانے کے لیے اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔

واضح رہےکہ  اسرائیل نےگزشتہ رات یونان کے قریب بین الاقوامی سمندری حدود میں اس فلوٹیلا کو روکا تھا۔ فلوٹیلا کے منتظمین نے اس کارروائی کو “بحری قزاقی” قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امداد لے جانے والے غیر مسلح جہازوں کو روکنا غیر قانونی اقدام ہے۔

اگرچہ اٹلی کی دائیں بازو کی حکومت کو یورپ میں اسرائیل کا قریبی اتحادی سمجھا جاتا ہے، حالیہ ہفتوں میں اٹلی نے اسرائیلی کارروائیوں پر تنقید میں اضافہ کیا ہے، خاص طور پر لبنان اور غزہ میں شہری ہلاکتوں کے بعد۔

رپورٹس کے مطابق اٹلی نے حال ہی میں اسرائیل کے ساتھ ایک دفاعی تعاون معاہدہ بھی معطل کیا ہے، جس سے دونوں ممالک کے تعلقات میں تناؤ بڑھ گیا ہے۔ گزشتہ سال بھی اسی تنظیم کے فلوٹیلا کو روکنے کے واقعے میں معروف ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ سمیت متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا تھا۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں