کراچی سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں آج بھی موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر قائد میں درجہ حرارت 37 سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہ سکتا ہے جبکہ رات کا کم سے کم درجہ حرارت 26.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ شہر میں اس وقت سمندری ہوائیں بند ہیں اور نمی کا تناسب 48 فیصد ہے جس سے حبس میں اضافہ محسوس کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ گزشتہ روز بھی ان علاقوں میں بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری ریکارڈ کی گئی، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا تاہم چند علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات بھی پیش آئے۔
ملک کے مختلف شہروں میں درجہ حرارت کی صورتحال بھی خاصی مختلف رہی، تربت اور مٹھی میں سب سے زیادہ 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ کراچی، سکھر، سبی، لسبیلہ اور ٹھٹھہ میں درجہ حرارت 44 ڈگری تک پہنچ گیا۔ اسی طرح ملتان، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں 40، لاہور میں 37 جبکہ اسلام آباد اور کوئٹہ میں 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
پنجاب کے مختلف شہروں جیسے لاہور، شیخوپورہ، فیصل آباد، گجرات اور وہاڑی میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی، جبکہ خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں بارش اور آسمانی بجلی گرنے کے باعث 5 افراد جاں بحق ہوئے۔ ادھر شمالی علاقوں بابو سر ٹاپ، نانگا پربت اور بٹوگاہ ٹاپ پر وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس سے وہاں سردی کی شدت برقرار ہے۔