English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

مریم نواز نے پنجاب میں سفارشی کلچر کے خاتمے کی ٹھان لی

القمر

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مر یم نواز نے پنجاب میں سفارشی کلچر کے خاتمے کی ٹھان لی ،سرکاری محکموں میں شفافیت اور میرٹ کی بالادستی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب پنجاب میں کوئی بھی بھرتی سیاسی بنیادوں یا وزیرِاعلیٰ کی سفارش پر نہیں ہوگی، سفارش پر آنے والے لوگ کام کے بجائے نظام پر بوجھ بنتے ہیں۔

 لاہور میں ستھرا پنجاب ٹیم سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے میرٹ کے حوالے سے اپنے وژن کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ میں اداروں میں بھرتیوں کے لیے سیاسی مداخلت کو گناہ سمجھتی ہوں۔

 میرا ایمان ہے کہ حق دار کا حق مار کر کسی کو نوازنا نہ صرف انتظامی بدانتظامی ہے بلکہ اخلاقی جرم بھی ہے، ہمارے دورِ حکومت میں کسی کی سفارش نہیں چلے گی، کوئی بھی بھرتی وزیرِ اعلیٰ کی سفارش پر ہوئی اور نہ ہی آئندہ کبھی ہوگی۔

ان کا کہنا ہے کہ سفارش پر بھرتی ہونے والے لوگ کام نہیں کرتے کیونکہ وہ خود کو نظام سے بالاتر اور کسی کو جوابدہ نہیں سمجھتے، سرکاری افسران اور ‘ستھرا پنجاب’ ٹیم کے ارکان سیاسی دبائومسترد کریں۔

 ستھرا پنجاب بہترین منصوبہ ہے، بدعنوانی یا غفلت برداشت نہیں ہوگی کیوں کہ ستھر اپنجاب منصوبہ میرے دل کے قریب ہے۔

اگر کوئی سیاستدان یا بااثر شخصیت غیر قانونی کام یا سفارش کے لیے دبائوڈالے تو اسے ہرگز قبول نہ کریں، اگر آپ دبائوبرداشت نہیں کر سکتے تو یہ کام چھوڑ دیں اور کوئی اور کام کر لیں، لیکن نظام کے ساتھ کھلواڑ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

مریم نواز نے کہا کہ وہ خود ہر ضلعے کی صفائی اور کارکردگی کی نگرانی کر رہی ہیں، صرف وہی افسران عہدوں پر رہیں گے جو نتائج دیں گے۔

 ستھرا پنجاب کی ٹیم سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر صرف عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں، جو پرفارم کرے گا محنت سے کام کریے گا، اس کو اچھی پوسٹنگ ملے گی، جو اپنے فرائض سے کوتاہی کا مرتکب ہوگا اس کو اچھی پوسٹنگ نہیں ملے گی۔

  • ویب ڈیسک
  • Faiz alam babar

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے