English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پنجاب میں ٹریفک جرمانوں میں بڑی کمی، گورنر نے موٹر وہیکل ترمیمی بل 2026 پر دستخط کر دیے

القمر

لاہور: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے صوبائی موٹر وہیکل (دوسری ترمیمی) بل 2026 پر دستخط کر دیے ہیں، جس کے بعد پنجاب میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر عائد کئی سخت سزاؤں میں نمایاں نرمی کر دی گئی ہے۔ نئے قانون کے تحت بھاری جرمانوں میں کمی جبکہ متعدد ٹریفک جرائم پر قید کی سزائیں ختم کر دی گئی ہیں۔

گورنر پنجاب کے دستخط کے ساتھ ہی صوبائی موٹر وہیکل (چوتھی ترمیم) آرڈیننس 2025 بھی منسوخ ہو گیا ہے، نئی ترامیم کا مقصد عام شہریوں، خصوصاً غریب طبقے، موٹر سائیکل سواروں اور رکشہ ڈرائیوروں کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔

اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک عوامی جماعت ہے اور عوام پہلے ہی مہنگائی کے شدید دباؤ کا شکار ہیں، ایسے میں ٹریفک قوانین کے نام پر بھاری جرمانے عائد کرنا مناسب نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ سابق آرڈیننس میں مختلف ٹریفک خلاف ورزیوں پر انتہائی سخت سزائیں مقرر کی گئی تھیں، جن میں لاکھوں روپے جرمانے اور قید شامل تھی، جو غریب شہریوں کے لیے ناقابل برداشت تھیں۔

نئے قانون کے مطابق ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق خلاف ورزی پر پہلے 50 ہزار سے ایک لاکھ روپے تک جرمانہ اور قید کی سزا رکھی گئی تھی، اب اسے کم کر کے صرف 5 ہزار روپے جرمانہ کر دیا گیا ہے جبکہ قید کی سزا مکمل طور پر ختم کر دی گئی ہے۔

اسی طرح ون وے کی خلاف ورزی پر پہلے 50 ہزار روپے جرمانہ یا 6 ماہ قید یا دونوں سزائیں دی جا سکتی تھیں، لیکن نئی قانون سازی کے بعد صرف 5 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا جبکہ قید کی سزا ختم کر دی گئی ہے۔

قانون میں عمر کی حد کی خلاف ورزی، غلط سمت میں گاڑی چلانے، بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ گاڑی استعمال کرنے، اوور لوڈنگ اور دیگر ٹریفک جرائم کی سزاؤں میں بھی نمایاں کمی کی گئی ہے۔

نئے بل کے مطابق کم عمر ڈرائیور کے معاملے میں گاڑی ضبط کر کے کسی ایسے فرد کے حوالے کی جائے گی جو ڈرائیونگ لائسنس رکھنے کا اہل ہو، جبکہ اس خلاف ورزی پر اب 10 ہزار روپے جرمانہ ہوگا اور قید نہیں ہوگی۔

بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ گاڑی چلانے پر پہلے 50 ہزار سے ایک لاکھ روپے جرمانہ اور قید کی سزا مقرر تھی، اب صرف 5 ہزار روپے جرمانہ ہوگا اور گاڑی کو صرف انسپیکشن اسٹیشن تک لے جانے کی اجازت دی جائے گی۔

اسی طرح پبلک سروس گاڑیوں میں حد سے زائد مسافر بٹھانے یا گاڑی کی چھت اور اطراف میں مسافروں کے سفر پر پہلے 50 ہزار روپے جرمانہ یا 6 ماہ قید کی سزا تھی لیکن نئے قانون میں اسے کم کر کے 5 ہزار روپے جرمانہ کر دیا گیا ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے