English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

اسرائیلی یرغمالیوں کی حمایت میں منعقدہ ریلی پر حملہ کرنے والے کا اعتراف جرم

القمر

امریکا کی ریاست کولوراڈو میں اسرائیلی یرغمالیوں کے حق میں نکالی جانے والی ریلی پر آتش گیر مادے سے حملہ کرنے والے ملزم نے عدالت میں اپنے خلاف عائد الزامات قبول کر لیے ہیں۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 46 سالہ مصری شہری محمد صابری سلیمان نے ریاستی عدالت میں پیش ہو کر اپنے خلاف درج تمام الزامات تسلیم کر لیے،ملزم پر گزشتہ برس اسرائیل کے حامی مظاہرین کے اجتماع پر پیٹرول بم حملہ کرنے کا الزام تھا، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ درجن سے زائد افراد زخمی ہو گئے تھے۔

استغاثہ کے مطابق واقعہ اُس وقت پیش آیا جب مظاہرین اسرائیلی یرغمالیوں کی حمایت میں ریلی نکال رہے تھے۔ اسی دوران ملزم نے مجمع پر آتش گیر مادہ پھینکا جس سے اچانک آگ بھڑک اٹھی اور متعدد افراد جھلس کر شدید زخمی ہو گئے۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق محمد صابری سلیمان کے خلاف درجنوں سنگین فوجداری دفعات کے تحت مقدمات درج کیے گئے تھے، جن میں فرسٹ ڈگری قتل کی دو الگ دفعات بھی شامل ہیں، ملزم کے اعتراف جرم کے بعد مقدمے کے اگلے مرحلے میں سزا کا تعین کیا جائے گا۔

تحقیقات کرنے والے اداروں کے مطابق ملزم مصری شہری ہے جو اپنے خاندان کے ہمراہ غیر قانونی طور پر امریکا میں مقیم تھا، واقعے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے ملزم کی سرگرمیوں اور اس کے ممکنہ روابط سے متعلق بھی تحقیقات کیں۔

اس حملے کے بعد امریکا میں مذہبی و سیاسی بنیادوں پر بڑھتی ہوئی نفرت اور تشدد کے واقعات پر ایک بار پھر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔ مختلف انسانی حقوق تنظیموں اور سیاسی رہنماؤں نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے عوامی اجتماعات اور مظاہروں کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے