وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگی کیفیت میں پاکستان کے کردار کی ایک بڑی وجہ معرکۂ حق میں حاصل ہونے والی کامیابی بھی ہے۔
لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے اس امر پر زور دیا کہ اگر اب معرکۂ ترقی کو کامیابی سے ہمکنار نہ کیا گیا تو معرکۂ حق کی حاصل کردہ کامیابی کا دفاع بھی زیادہ عرصے تک ممکن نہیں رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملکی استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے ایک مضبوط اور مستحکم معیشت ناگزیر ہے، جبکہ عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اور مربوط حکمتِ عملی کے تحت فوری اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ وطن سے محبت اور قربانی کے جذبے نے معرکۂ حق میں کامیابی دلائی، اور پاکستان نے ایک متحد قوم کی حیثیت سے دشمن کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا۔ اسی قومی یکجہتی اور جذبے کے تسلسل سے ہی معاشی میدان میں بھی کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ مسلح افواج نے عددی طور پر برتر دشمن کے خلاف شاندار کارکردگی دکھائی اور مؤثر ضربیں لگائیں، جس کے نتیجے میں پاکستان کو عالمی سطح پر نئی پہچان ملی۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں پاکستان کے کردار کی ایک اہم وجہ بھی معرکۂ حق میں حاصل ہونے والی یہی کامیابی ہے۔
