English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

وزیراعظم شہباز شریف 23 سے 25 مئی تک چین کے سرکاری دورے پر جائیں گے

القمر

وزیراعظم شہباز شریف رواں ماہ 23 سے 25 مئی تک اہم سرکاری دورے پر چین جائیں گے، جہاں دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری، معاشی تعاون اور علاقائی صورتحال سمیت مختلف اہم امور پر اعلیٰ سطحی مذاکرات متوقع ہیں۔

سرکاری ذرائع کے مطابق دورۂ چین کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ سے الگ الگ ملاقاتیں ہوں گی، جن میں پاک چین تعلقات کو مزید وسعت دینے، اقتصادی روابط مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کے نئے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

دورے کے دوران پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے 75 برس مکمل ہونے کی تقریبات بھی منعقد کی جائیں گی، جن میں وزیراعظم شہباز شریف خصوصی شرکت کریں گے۔ دونوں ممالک اس موقع پر تاریخی دوستی اور دیرینہ شراکت داری کے نئے مرحلے میں داخل ہونے کے عزم کا اعادہ بھی کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کے دوران چین پاکستان اقتصادی راہداری سمیت تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، بنیادی ڈھانچے اور مختلف ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔ دونوں قیادتیں خطے کی مجموعی صورتحال اور اقتصادی تعاون کے فروغ کیلئے آئندہ حکمت عملی پر بھی غور کریں گی۔

حکومتی حلقوں کے مطابق وزیراعظم کے دورے کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جانے کا بھی امکان ہے، جن سے دونوں ممالک کے اقتصادی اور تجارتی روابط مزید مستحکم ہونے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • دانیال عدنان

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے