دی بیورو آف انویسٹی گیٹیو جرنلزم کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان سے اے آئی کے ذریعے تیار کی گئی نفرت انگیز ویڈیوز برطانیہ میں پھیلائی گئیں، جن کے ذریعے میٹا کے اشتہاری نظام کے ذریعے آمدن حاصل کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق ان ویڈیوز میں برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر اور لندن کے میئر صادق خان کو نشانہ بنایا گیا، اور ایک جعلی ویڈیو کو لاکھوں افراد نے دیکھا۔
تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں موجود ایک شخص اس مواد کی پوسٹنگ میں ملوث پایا گیا، جس نے اعتراف کیا کہ وہ سوشل میڈیا سے ماہانہ آمدن حاصل کر رہا تھا۔ اس کے مطابق اسے مواد کے مکمل اثرات کا ادراک نہیں تھا اور کمزور انگریزی کی وجہ سے وہ بعض مواد کو صحیح طور پر سمجھ بھی نہیں سکا۔ بعد ازاں کچھ پوسٹس حذف کر دی گئیں اور متعلقہ اکاؤنٹس بند کر دیے گئے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ لندن کے میئر کے ترجمان نے سوشل میڈیا کمپنیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نفرت انگیز اور گمراہ کن مواد کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مزید سخت اقدامات کریں۔