ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

گیس صارفین کے لیے 140 ارب کی کراس سبسڈی ختم کرنے کا حکومتی فیصلہ

اسلام آباد: حکومت نے آئی ایم ایف کو یقین دہانی کرائی ہے کہ جنوری 2027 تک گیس صارفین کو دی جانے والی 140 ارب روپے کی کراس سبسڈی کا خاتمہ کیا جائے گا۔

سرکاری ذرائع کا اس حوالے سے مزید کہنا ہے کہ اس بڑے معاشی فیصلے کا مقصد توانائی کے شعبے میں مالی نظم و ضبط کو یقینی بنانا ہے۔

واضح رہے کہ موجودہ نظام میں محفوظ اور کچھ غیر محفوظ صارفین کو کم نرخوں پر گیس فراہم کی جاتی ہے، جس کا بوجھ صنعتوں، کمرشل صارفین، سی این جی اسٹیشنز اور سیمنٹ سیکٹر پر پڑتا ہے۔ حکومت اس تضاد کو ختم کرکے تمام صارفین سے یکساں اوسط نرخ وصول کرنا چاہتی ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حکومت نے طے کیا ہے کہ گیس اور بجلی پر دی جانے والی رعایتیں اب صارف کے استعمال کے بجائے اس کی آمدنی سے مشروط ہوں گی۔ اس مقصد کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ڈیٹا کا استعمال کرتے ہوئے صرف مستحق گھرانوں کو براہِ راست مالی امداد فراہم کی جائے گی۔

پیٹرولیم ڈویژن کے حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت گیس کا اوسط ٹیرف 1,750 روپے فی یونٹ ہے، تاہم محفوظ صارفین اب بھی اس سے کہیں کم قیمت ادا کر رہے ہیں۔ نئی پالیسی کے نفاذ سے توانائی کا شعبہ خود کفیل ہو سکے گا اور گردشی قرضوں میں کمی آئے گی۔

دریں اثنا وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب سے آئی ایم ایف مشن کی قیادت کرنے والی آئیوا پیٹرووا نے اسلام آباد میں اہم ملاقات کی ہے۔ اس اجلاس میں ملکی معاشی صورتحال، آئندہ وفاقی بجٹ اور اصلاحاتی ایجنڈے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ گورنر اسٹیٹ بینک اور چیئرمین ایف بی آر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

حکومت نے معیشت کو مستحکم اور پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ اقتصادی اصلاحات پر مشاورت کا عمل جاری ہے، جس کا بنیادی مقصد مالی نظم و ضبط کا قیام اور ملکی معیشت کو بحرانوں سے نکالنا ہے۔

اقتصادی ماہرین کے مطابق یہ اصلاحات طویل مدت میں ملکی معیشت کے لیے اہم ثابت ہوں گی۔ عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ ہونے والی بات چیت میں بجٹ خسارے کو کم کرنے اور ٹیکس اصلاحات پر بھی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ حکومت کا دعویٰ ہے کہ معاشی استحکام سے عوام کے معیار زندگی میں بہتری آئے گی۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں