English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

آئی ایم ایف سے مذاکرات جاری: حکومت کی  بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافے کی یقین دہانی

القمر

اسلام آباد: حکومت اور عالمی مالیاتی فنڈ کے درمیان جاری مذاکرات میں بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حکام نے آئی ایم ایف کو یقین دہانی کرائی ہے کہ پروٹیکٹڈ صارفین کے علاوہ دیگر تمام صارفین کے لیے نرخوں میں اضافہ کیا جائے گا۔

توانائی کے شعبے میں جاری اصلاحات اور گردشی قرضوں میں کمی کے لیے حکومت نے واضح حکمت عملی پیش کی ہے۔ حکام نے بتایا کہ عالمی منڈی میں توانائی کی قیمتوں کا مکمل بوجھ صارفین پر منتقل کرنے کی پالیسی برقرار رکھی جائے گی تاکہ لاگت کی وصولی یقینی ہو۔

نیپرا کی سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹس اور ماہانہ فیول چارجز کا نفاذ بروقت جاری رہے گا۔ حکومت نے واضح کیا کہ کم آمدنی والے طبقے کو ٹارگٹڈ سبسڈی کی فراہمی جاری رہے گی تاکہ عام آدمی پر یکدم بوجھ نہ پڑے۔ اس کے علاوہ آئی پی پیز کے معاملات کو حل کرنے پر بھی کام ہو رہا ہے۔

آئندہ مالی سال 2027 کے لیے بجلی کی سبسڈی 830 ارب روپے تک محدود رکھنے کا ہدف طے کیا گیا ہے جو مجموعی ملکی پیداوار کا 0.6 فیصد ہوگا۔ یہ سبسڈی ڈسکوز، کے الیکٹرک، فاٹا کے بقایاجات اور زرعی ٹیوب ویلز کے لیے مختص کی گئی ہے تاکہ مالیاتی نظم و ضبط برقرار رہے۔

توانائی کے شعبے میں کارکردگی بڑھانے کے لیے گردشی قرضوں کا جامع ڈیٹا تیار کر لیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق گیس کے گردشی قرض کو بھی سہ ماہی بنیادوں پر پبلک کیا جائے گا، جبکہ مالی سال 2031 تک بجلی کے شعبے کے گردشی قرض کو مکمل طور پر ختم کرنے کا عزم کیا گیا ہے۔

حکومت نے آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں اور جرمانوں کے تصفیے کا ہدف جون 2026 تک مقرر کیا ہے۔

اس کے علاوہ آئیسکو، گیپکو اور فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کی نجکاری کا عمل 2027 کے آغاز تک مکمل کر لیا جائے گا۔ ان اقدامات سے بجلی کے نظام میں بہتری اور نقصانات میں نمایاں کمی متوقع ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے