ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

آبنائے ہرمز میں جنگی کشیدگی: تیل اور ایل این جی بردار جہاز پاکستان، چین اور بھارت روانہ

امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف جاری جنگ کے باعث آبنائے ہرمز میں شدید کشیدگی اور بحری خطرات کے باوجود ایل این جی اور خام تیل بردار کئی بڑے جہاز خلیج سے نکل کر پاکستان، چین اور بھارت کی جانب روانہ ہوگئے ہیں۔

شپ ٹریکنگ ڈیٹا کے مطابق گزشتہ چند روز کے دوران کم از کم تین مائع قدرتی گیس (ایل این جی) بردار جہاز کامیابی سے آبنائے ہرمز عبور کر چکے ہیں جبکہ عراقی خام تیل سے بھرا ایک سپر ٹینکر تقریباً تین ماہ بعد خلیج سے نکلنے میں کامیاب ہوا۔

رپورٹس کے مطابق 28 فروری سے جاری امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی اور جنگی صورتحال نے آبنائے ہرمز سے بحری آمد و رفت کو شدید متاثر کیا ہے، یہ عالمی سطح پر تیل اور ایل این جی کی تقریباً 20 فیصد ترسیل کا اہم ترین بحری راستہ تصور کیا جاتا ہے۔

شپنگ ڈیٹا کے مطابق ایل این جی بردار جہاز ’’فویریت‘‘ پیر کے روز آبنائے ہرمز عبور کر گیا، جس کے منگل کو پاکستان پہنچنے کی توقع ہے۔ جہاز نے قطر کی راس لفان بندرگاہ سے مارچ کے آخر میں ایل این جی لوڈ کی تھی۔

اسی طرح ’’الریان‘‘ نامی ایل این جی ٹینکر بھی آبنائے ہرمز عبور کر چکا ہے۔ یہ جہاز بھی قطر کے راس لفان پورٹ سے روانہ ہوا تھا اور اس وقت ایران اور عمان کے درمیان واقع آبنائے سے باہر موجود ہے۔ شپنگ ریکارڈ کے مطابق یہ جہاز 27 جون کو چین میں اپنا کارگو اتارے گا۔

ادھر ابوظہبی نیشنل آئل کمپنی کے زیر انتظام ’’الحمرا‘‘ نامی جہاز بھی کامیابی سے آبنائے عبور کرنے میں کامیاب ہوگیا ہے۔ یہ جہاز آخری بار اپریل میں آبنائے کے مشرقی حصے میں دیکھا گیا تھا، جبکہ اب بھارتی ساحل کے قریب موجود ہے۔

علاوہ ازیں ’’ایگل ویرونا‘‘ نامی سپر ٹینکر، جو ہفتے کے روز آبنائے ہرمز سے نکلا، چین کی مشرقی بندرگاہ ننگبو پہنچنے والا ہے جہاں وہ تقریباً 20 لاکھ بیرل بصرہ خام تیل اتارے گا، جنگ سے قبل روزانہ 125 سے 140 جہاز آبنائے ہرمز سے گزرتے تھے، موجودہ کشیدہ صورتحال میں بحری آمد و رفت انتہائی محدود ہو چکی ہے۔

دوسری جانب خلیج میں موجود سینکڑوں جہازوں پر سوار تقریباً 20 ہزار ملاح اب بھی غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں، جبکہ عالمی توانائی منڈیوں میں بھی تشویش پائی جا رہی ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں