ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

ہرمز کھلنے کی امید: عالمی تیل قیمتیں دو ہفتوں کی کم ترین سطح پر آ گئیں

امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ جنگ بندی معاہدے کی امید نے عالمی توانائی مارکیٹ میں بڑی تبدیلی پیدا کر دی ہے اور خام تیل کی قیمتیں دو ہفتوں کی کم ترین سطح پر آ گئی ہیں۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت میں 5.04 ڈالر فی بیرل کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد قیمت 98.50 ڈالر تک گر گئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل 4.82 ڈالر کمی کے بعد 91.78 ڈالر فی بیرل پر آ گیا۔

رپورٹس کے مطابق دونوں بڑے عالمی بینچ مارکس 7 مئی کے بعد اپنی کم ترین سطح پر ٹریڈ کرتے رہے، جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تقریباً 5 فیصد تک کمی دیکھی گئی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر واشنگٹن اور تہران کے درمیان باضابطہ معاہدہ طے پا جاتا ہے اور آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھل جاتی ہے تو عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان موجود ہے۔

تیل کی قیمتوں میں حالیہ کمی امریکی صدر کے اس بیان کے بعد سامنے آئی جس میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا اور ایران ایک ایسے امن معاہدے کے قریب پہنچ چکے ہیں جس کے نتیجے میں آبنائے ہرمز دوبارہ مکمل طور پر فعال ہو سکتی ہے۔

یاد رہے کہ فروری کے آخر میں اسرائیلی اور امریکی حملوں کے بعد ایرانی قیادت کی شہادت کے ردعمل میں پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز بند کر دی تھی جس کے باعث عالمی سپلائی شدید متاثر ہوئی۔

ماہرین کے مطابق دنیا بھر میں تیل اور گیس کی تقریباً 25 فیصد ترسیل آبنائے ہرمز سے ہوتی ہے، اس لیے اس کی بندش نے نہ صرف ایندھن کی قلت پیدا کی بلکہ شپنگ اخراجات اور عالمی مہنگائی میں بھی اضافہ کر دیا تھا۔

اسپارٹا کموڈیٹیز کی تجزیہ کار جون گوہ نے کہا کہ عالمی منڈی کو اب بھی روزانہ ایک کروڑ بیرل سے زائد خام تیل کی کمی کا سامنا ہے جبکہ یو بی ایس کے تجزیہ کار جیوانی اسٹانووو کے مطابق اصل صورتحال کا انحصار زمینی سطح پر سپلائی کی بحالی پر ہوگا۔

دوسری جانب شپنگ ڈیٹا سے ظاہر ہوا ہے کہ ایل این جی سے بھرے دو جہاز آبنائے ہرمز سے نکل کر پاکستان اور چین کی جانب روانہ ہو چکے ہیں جبکہ عراقی خام تیل سے بھرا ایک سپر ٹینکر تقریباً 3 ماہ بعد خلیج سے چین کے لیے روانہ ہوا ہے، جسے توانائی مارکیٹ میں بحالی کی ابتدائی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں