English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

عیدالاضحیٰ پر عسکری قیادت کا قوم کے نام خصوصی پیغام، شہداء کو خراج عقیدت

القمر

عیدالاضحیٰ کے موقع پر عسکری قیادت نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے شہدا، غازیوں اور عوام کی قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر، نیول چیف نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اپنے مشترکہ پیغام میں کہا کہ عیدالاضحیٰ مسلمانوں کو ایثار، قربانی، اتحاد اور اللہ کی رضا کے لیے ہر شے قربان کرنے کا درس دیتی ہے۔

عسکری قیادت نے اپنے پیغام میں ان شہدا کو خصوصی خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے وطن کے دفاع اور امن کے قیام کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

پیغام میں کہا گیا کہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور شہداء کے اہل خانہ کی عظمت اور صبر پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق افواجِ پاکستان ملک کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے مکمل عزم اور جذبے کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں۔

عسکری قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کے خطرات کا مقابلہ کرنے اور ملک میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے قوم کے شانہ بشانہ کھڑی رہیں گی۔

پیغام میں پاکستانی عوام کی قربانیوں، صبر اور استقامت کو بھی سراہا گیا۔ عسکری قیادت کا کہنا تھا کہ قوم نے ہر مشکل وقت میں اتحاد اور حوصلے کا مظاہرہ کیا اور یہی جذبہ پاکستان کی اصل طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے تمام قومی اداروں کو متحد ہوکر کام کرنا ہوگا تاکہ پاکستان کو مزید مضبوط اور مستحکم بنایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے