English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

لاؤس: سیلابی پانی غار میں بھرنے سے 5 افراد پھنس گئے، ایک شخص ریسکیو

القمر

لاؤس کے شمالی صوبے لانگ پرابنگ کے قریب ایک غار میں شدید بارشوں کے بعد آنے والے اچانک سیلابی پانی کے باعث 5 افراد پھنس گئے جبکہ ریسکیو کارروائی کے دوران ایک شخص کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلسل بارشوں کے بعد غار کے اندر پانی تیزی سے بھر گیا، جس کے باعث اندر موجود افراد باہر نہ نکل سکے، مزید 4 افراد اب بھی غار کے اندر پھنسے ہوئے ہیں۔

امدادی ٹیموں کا کہنا ہے کہ خراب موسم، پانی کی بلند سطح اور غار کے تنگ راستے ریسکیو آپریشن میں بڑی رکاوٹ بن رہے ہیں۔ اسی وجہ سے تلاش اور امدادی کارروائی کو عارضی طور پر روک کر اگلے مرحلے کے لیے دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ریسکیو آپریشن میں لاؤس کی فوج، پولیس، مقامی رضاکاروں اور ماہر غوطہ خوروں کے ساتھ ساتھ تھائی لینڈ کے تجربہ کار غار ریسکیو ماہرین بھی شریک ہیں۔ ٹیمیں خصوصی آلات، آکسیجن سلنڈرز، رسیوں اور پانی نکالنے والی مشینوں کی مدد سے اندر تک رسائی کی کوشش کر رہی ہیں۔

حکام کے مطابق غار کے اندر پھنسے افراد تک خوراک، پانی اور ابتدائی طبی امداد پہنچانے کی کوشش بھی جاری ہے تاکہ ان کی حالت مستحکم رکھی جا سکے۔

موسمیاتی اداروں نے آئندہ مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، جس سے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ریسکیو آپریشن مزید مشکل ہو سکتا ہے۔

یاد رہے کہ 2018 میں تھائی لینڈ میں بھی ایک غار کے اندر جونیئر فٹبال ٹیم پھنس گئی تھی، جس کے ریسکیو آپریشن کو عالمی سطح پر بہت توجہ حاصل ہوئی تھی۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے