بارہمولہ/جموں و کشمیر میں نوجوانوں کی کھیلوں میں بڑھتی ہوئی شرکت ایک مثبت تبدیلی کی عکاسی کرتی ہے، جہاں نوجوان اپنے خوابوں کی تکمیل کے لیے کھیلوں کے پلیٹ فارم کو مؤثر انداز میں استعمال کر رہے ہیں۔ اِن باتوں کا اظہار جموں کشمیر کے چیف سیکریٹری اتل ڈلو نے کیا۔
جنرل بپن راوت اسٹیڈیم بارہمولہ میں سی پی ایل کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اتل ڈلو نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کا ایک مؤثر ذریعہ بن کر ابھر رہے ہیں، جبکہ کھیل کے میدان زندگی کے ایسے کلاس روم ہیں جہاں نوجوان نظم و ضبط، اعتماد، ٹیم ورک اور دیگر اہم صلاحیتیں سیکھتے ہیں۔انہوں نے بھارتی فوج کی ڈگر ڈویژن کی جانب سے لیگ کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس اقدام نے نوجوان کھلاڑیوں کو کرکٹ کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے اور اپنے مستقبل کے عزائم کو آگے بڑھانے کا بہترین پلیٹ فارم فراہم کیا ہے۔
چیف سیکریٹری نے بتایا کہ ٹورنامنٹ میں 10 سے زائد اضلاع سے تقریباً 1600 کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ انہوں نے والدین کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ بچوں کی حوصلہ افزائی اور انہیں کھیلوں کے ایسے پلیٹ فارم فراہم کرنا ان کے مستقبل کے لیے انتہائی اہم ہے۔
اتل ڈلو نے کہا کہ حکومت جنرل بپن راوت اسٹیڈیم میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو مزید بہتر بنائے گی تاکہ کھلاڑیوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں اور خاص طور پر دن رات ہونے والے مقابلوں کے دوران تماشائیوں کے تجربے کو بھی بہتر بنایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس نوعیت کے کھیلوں کے اقدامات نوجوانوں میں نظم و ضبط، خود اعتمادی، ٹیم ورک اور دیگر ایسی صلاحیتیں پیدا کرتے ہیں جو کھیل کے میدان سے باہر بھی ان کی زندگی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔