سری نگر/عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی مہراج ملک نے منگل کو جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں اس وقت ہنگامہ کھڑا کر دیا جب انہیں بجلی کے بلوں پر دی گئی معافی سے متعلق ضمنی سوال پوچھنے کی اجازت نہیں دی گئی۔اسمبلی اسپیکر عبدالرحیم راتھر نے مہراج ملک کو ضمنی سوال پوچھنے کی اجازت نہیں دی اور انہیں اپنی نشست پر واپس جانے کو کہا۔ اس پر برہم مہراج ملک نے ایوان میں بلند آواز میں کہا، ’’اسمبلی کسی کی جاگیر نہیں ہے۔‘‘
مہراج ملک کی جانب سے ہنگامہ جاری رکھنے پر اسپیکر نے انہیں مناسب طرزِ عمل اختیار کرنے کی ہدایت دی اور خبردار کیا کہ بصورتِ دیگر ان کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے۔بعد ازاں اسپیکر عبدالرحیم راتھر نے ایوان کو وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ پہلے ہی ایک کمیٹی یہ فیصلہ کر چکی ہے کہ ضمنی سوال صرف وہی رکن پوچھ سکتا ہے جس نے اصل سوال جمع کرایا ہو۔
اسپیکر نے مہراج ملک کے رویے پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا،’’اس رکن نے مناسب رویہ اختیار نہیں کیا۔ میں نے بہت برداشت کیا، ورنہ میں اسے سبق سکھا دیتا۔ اسے ایوان میں برتاؤ کرنے کا طریقہ معلوم نہیں۔‘‘