سرینگر/جموں و کشمیر حکومت نے انتیودیا انا یوجنا (AAY) کے تحت آنے والے خاندانوں کو سالانہ چھ مفت ایل پی جی سلنڈر فراہم کرنے کی اسکیم کی منظوری دے دی ہے۔ وزیر برائے خوراک، شہری رسد و امور صارفین ستیش شرما نے جمعرات کو قانون ساز اسمبلی میں یہ اطلاع دی۔اعلان کے بعد ایوان میں ہنگامہ برپا ہوگیا۔ بی جے پی ارکان نے ’’جھوٹی سرکار‘‘ اور ’’یہ دھوکہ ہے‘‘ کے نعرے لگائے۔
قائد حزب اختلاف سنیل شرما نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے دوران ہر گھر کو 12 مفت ایل پی جی سلنڈر دینے کا وعدہ کیا گیا تھا، تاہم اب اسے صرف اے اے وائی خاندانوں تک محدود کرکے سالانہ چھ سلنڈر کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا، ’’دو سال قبل آپ نے ہر گھر کو 12 مفت سلنڈر دینے کا اعلان کیا تھا۔ آج وزیر کہہ رہے ہیں کہ صرف اے اے وائی خاندانوں کو چھ سلنڈر دیے جائیں گے۔ یہ مذاق ہے۔ آپ بے نقاب ہوچکے ہیں۔‘‘
سنیل شرما نے مزید کہا کہ حکومت نے عوام کے ساتھ وعدہ خلافی کی ہے اور غریبوں کو بھی چھ سلنڈر تک نہ دینا ان کے ساتھ دھوکہ ہے۔قائد حزب اختلاف نے حکومت سے ایک لاکھ سرکاری ملازمتیں فراہم کرنے اور 200 یونٹ مفت بجلی دینے کے وعدوں پر بھی سوال اٹھایا۔ان کے ریمارکس کے بعد حکومتی ارکان کی جانب سے احتجاج شروع ہوگیا، جبکہ بی جے پی ارکان نے نعرے بازی جاری رکھی، جس کے نتیجے میں دونوں جانب سے شدید گرما گرمی ہوئی۔ اسپیکر عبدالرحیم راتھر نے ایوان میں نظم و ضبط بحال کرنے کی کوشش کی، تاہم کچھ دیر تک ہنگامہ جاری رہا۔