ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

جموں کشمیر کے 12.89 لاکھ سے زائد کسان فصل بیمہ اسکیم کے دائرے میں، حکومت نے اسمبلی میں اعداد و شمار پیش کر دئیے

سری نگر/حکومت نے جمعرات کو قانون ساز اسمبلی کو بتایا کہ پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا (PMFBY) اور ویدر بیسڈ کراپ انشورنس اسکیم جموں و کشمیر کے تمام 20 اضلاع میں نافذ کی جا رہی ہیں، جن کے تحت اب تک 12.89 لاکھ سے زائد کسانوں کو بیمہ کور فراہم کیا جا چکا ہے، جبکہ 221.71 کروڑ روپے کے بیمہ دعوے بھی ادا کیے گئے ہیں۔اسمبلی میں پیش کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق، وزیر برائے زراعت پیداوار نے بتایا کہ مذکورہ اسکیمیں طلب پر مبنی ہیں اور مقررہ رہنما اصولوں اور اہلیت کے معیار پر پورا اترنے والے جموں و کشمیر کے تمام کسان خاندان ان سے فائدہ اٹھانے کے اہل ہیں۔
ایم ایل اے فاروق احمد شاہ، عرفان حفیظ لون اور غلام محی الدین میر کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جواب میں حکومت نے بتایا کہ تقریباً 13.985 لاکھ کسان خاندان ان اسکیموں سے مستفید ہونے کے اہل ہیں، تاہم اس کے لیے مقررہ ضوابط اور اہلیت کے معیار پورا کرنا ضروری ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2017-18 سے 2025-26تک مجموعی طور پر6.86 لاکھ ہیکٹر رقبے کو فصل بیمہ کے دائرے میں لایا گیا، جس سے 12,89,917 کسان مستفید ہوئے۔ اس عرصے کے دوران 3,72,134 فصل بیمہ دعوے نمٹائے گئے اور مجموعی طور پر221.71 کروڑ روپےکی رقم بطور معاوضہ ادا کی گئی۔
حکومت کے مطابق کسانوں کی سب سے زیادہ شرکت خریف 2025-26کے دوران ریکارڈ کی گئی، جب جموں و کشمیر کے تمام 20 اضلاع میں 2,01,480 کسانوںکو فصل بیمہ فراہم کیا گیا۔ اسی سیزن کے دوران 93,680 دعوےنمٹائے گئے اور کسانوں کو 54.80 کروڑ روپےکا معاوضہ ادا کیا گیا۔حکومت نے مزید بتایا کہ پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا، جو پہلے محدود اضلاع تک ہی نافذ تھی، اب پورے جموں و کشمیر میں توسیع دی جا چکی ہے، جس سے موسم کی خرابی، قدرتی آفات اور فصلوں کو نقصان سے متاثر ہونے والے کسانوں کے لیے فصل بیمہ کی سہولت تک رسائی میں اضافہ ہوا ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں