فیاض بخاری
بارہمولہ//ضلع بارہمولہ کے سمپورہ سوپور علاقے میں بارش اور تیز ہواؤں کے دوران بجلی کے ٹرانسفارمر میں مبینہ شارٹ سرکٹ کے باعث سیب کے ایک شیڈ میں آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں شیڈ مکمل طور جل کر خاکستر ہوگیا اور وہاں محفوظ سیب کی پوری فصل تباہ ہوگئی۔
متاثرہ میوہ کاشتکار منظور احمد کے مطابق، اس آتشزدگی میں ان کی سال بھر کی محنت ضائع ہوگئی ہے، جس کے باعث وہ شدید مالی نقصان اور ذہنی پریشانی سے دوچار ہیں۔واقعے کے بعد مقامی لوگوں نے حکومت سے متاثرہ کاشتکار کو مناسب معاوضہ فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔
انہوں نے وزیر زراعت جاوید احمد ڈار اور رکن اسمبلی سوپور ارشاد رسول کار سے معاملے میں مداخلت کرنے اور متاثرہ کاشتکار کو فوری امداد فراہم کرنے کی بھی درخواست کی ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ کاشتکار کی سال بھر کی محنت چند لمحوں میں تباہ ہوگئی، لہٰذا حکومت کو چاہیے کہ وہ متاثرہ خاندان کی مدد کے لیے فوری اقدامات کرے تاکہ اسے اس مشکل صورتحال سے نکلنے میں سہارا مل سکے۔