کولگام/جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں منشیات کی غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے قاضی گنڈ سے دو افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے کوڈین کی 25 بوتلیں برآمد کر لی ہیں۔
پولیس کے مطابق، ممنوعہ نشہ آور اور سائیکوٹروپک اشیاء کی غیر قانونی نقل و حمل کے خلاف جاری مہم کے تحت کولگام پولیس کو ایک قابلِ اعتماد اطلاع موصول ہوئی تھی۔ اس اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس کی ایک ٹیم نے قاضی گنڈ کے چوئیمولا علاقے میں قومی شاہراہ پر ناکہ قائم کیا۔
پولیس کے مطابق ناکہ بندی کے دوران جموں سے میر بازار کی جانب آنے والی ایک نیلے رنگ کی ووکس ویگن پولو گاڑی (نمبر JK03D-7723) کو روک کر تلاشی لی گئی۔ دورانِ تلاشی گاڑی میں موجود ایک سیاہ رنگ کے بیگ سے کوڈین کی 25 بوتلیں برآمد ہوئیں، جن میں سے ہر ایک بوتل میں 100 ملی لیٹر کوڈین موجود تھی۔