ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

مغربی کنارا: یہودی آبادکاروں نے تاریخی غار پر قبضہ کرلیا

فلسطین: قابض فوج رام اللہ کے نواحی گاؤں میں چھاپا مار کارروائی کررہی ہے‘ بیت لحم میں 3 منزلہ عمارت مسمار کیے جانے کے بعد خاتون اور بچے افسردہ ہیں

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی فوج کی پشت پناہی میں بیت عاین نامی یہودی کالونی سے تعلق رکھنے والے آباد کاروں نے غرب اردن کے جنوبی شہر بیت لحم میں تاریخی غار پر قبضہ کرلیا۔ فلسطینی ذرائع کے مطابق جنوب مغربی قصبے جعبہ میں واقع تاریخ غار پریہود آباد کاروں نے یلغار کی اور پرقبضہ کرلیا۔ جعبہ کے میئر ذیاب مشاعلہ کا کہنا تھا کہ یہود آبادکاروں کو دھاوے کے دوران اسرائیلی فوج کی جانب سے فول پروف سیکورٹی حاصل تھی،جس کے باعث جمجوم اور مغربی نحالین کے درمیان واقع تاریخی غار کو بچانے کے لیے مزاحمت بھی نہ کرسکے۔ اس یلغار کے نتیجے میں فلسطینی شہری تاریخی اور ثقافتی مقام سے محروم ہوگئے۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس میں گھر گھر تلاشی کے دوران مزید 7فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔ قابض فوج کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ حراست میں لیے جانے والے فلسطینیوں میں اسرائیلی اہداف اور تنصیبات پرحملوں میں ملوث شہری بھی شامل ہیں۔ صہیونی فوج نے غرب اردن میں تلاشی کے دوران الخلیل شہر سے 2سگے بھائیوں ہانی اور خالد جوابرہ ایک بچے عمار حناین اور سابق اسیر عمادی جندی کو حراست میں لیا۔ مقبوضہ بیت المقدس میں بھی تلاشی کے دوران 3فلسطینیوں کو حراست میں لیا، جن میں القدس میں تحریک فتح کے سیکرٹری شادی مطور، ایک خاتون عرین زعانین اور ایک نوجوان شامل ہے۔ فلسطینی شہریوں کے خلاف اسرائیلی فوج کا کریک ڈائون جاری ہے اور روزانہ کی بنیاد پر شہریوں کو گرفتارکیا جارہا ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں