ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

سوڈان میں بغاوت ناکام صورتحال پر قابو کا حکومتی دعویٰ

خرطوم: سوڈان میں بغاوت کی کوشش ناکام بنانے کے دوران دارالحکومت کی سڑکوں پر فوج گشت کررہی ہے

خرطوم (انٹرنیشنل ڈیسک) سوڈانی فوج نے منگل کی صبح سے جاری واقعات کے حوالے سے وضاحت جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ملک میں بغاوت کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا ہے اور خفیہ ادارے کی تمام عمارتیں فوج کے کنٹرول میں آ گئی ہیں۔ خبر رساں اداروں کے مطابق سوڈان کی عبوری خودمختار کونسل کے سربراہ عبدالفتاح البرہان نے بدھ کے روز ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ملک میں بغاوت جیسا جرم نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ دارالحکومت خرطوم سمیت تمام شورش زدہ علاقوں میں صورت حال پرسکون ہو چکی ہے اور فوج کم سے کم نقصان کے ساتھ بغاوت پر قابو پانے میں کامیاب رہی ہے۔ عبوری خود مختار کونسل کے سربراہ نے واضح کیا کہ خرطوم کے ہوائی اڈے پر فضائی آمد و رفت بحال ہو گئی ہے۔ منگل کی صبح خفیہ اداروں کے بعض مراکز میں جھڑپوں کے واقعات پیش آئے تھے، جس کے بعد ملک میں بغاوت کی کوشش کی خبریں گردش کرنے لگی تھیں۔ سوڈانی زویر اعظم عبداللہ حمدوک نے فوج پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں قیام امن ہر قیمت پر ترجیح رہے گا۔ فوج کے چیف آف اسٹاف جنرل محمد عثمان الحسین نے کہا ہے کہ حالیہ واقعات میں 2 اہل کار ہلاک اور 4 زخمی ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ دارالحکومت خرطوم کے نواحی علاقوں میں سوڈانی فوج اور خفیہ اداروں کے عناصر کے درمیان بھاری اسلحہ کے ساتھ شدید لڑائی دیکھنے میں آئی تھی۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں