کراچی (اسٹاف رپورٹر) کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان سے معطل کیا جانے والا عمرہ آپریشن 14 مارچ سے بحال ہونے کی امید کی جارہی ہے۔ پاکستان میں 2 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد سعودی عرب نے جمعرات کو فوری طور پر پاکستان سے عمرہ اور سیاحتی ویزے پر آنے
والوں پر پابندی عاید کردی تھی جس کی وجہ سے لاہور میں جہاز پر سوار 300 مسافروں کو آف لوڈ کرنا پڑا جبکہ بقیہ پروازوں کے مسافروں کو گھروں میں اس کی اطلاع دی گئی۔ سعودی عرب کی جانب سے اچانک پابندی عاید کرنے کی وجہ سے پاکستان سے عمرے پر جانے والے وہ ہزاروں افراد جنہوں نے ویزے لگوالیے تھے اور فضائی ٹکٹ بھی خرید لیے تھے ، شدید بے یقینی کا شکار ہیں۔ اب پی آئی اے اور سعودیہ ائر لائن نے اعلان کیا ہے کہ عمرہ اور سیاحتی ویزے منسوخ کیے جانے کی وجہ سے متاثر ہونے والے افراد کے لیے فضائی کمپنیوں نے نشست کی دوبارہ بکنگ کرانے ، دوبارہ بکنگ کی صورت میں مطلوبہ کلاس میں نشست موجود نہ ہونے کی صورت میں کرایے کا فرق اور اگر متاثر ہونے والے افراد ٹکٹ واپس کرنا چاہیں تو ٹکٹ واپسی کے چارجز ختم کردیے ہیں۔ سعودیہ ائر لائن کے مطابق یہ سہولت 26 فروری سے 13 مارچ تک کے مسافروں کو فراہم کی جائے گی جس کے بعد توقع کی جارہی ہے کہ سعودی عرب کے لیے 14 مارچ سے عمرہ آپریشن بحال ہوجائے گا۔ ابھی تک سعودی سفارتخانے نے واضح نہیں کیا ہے کہ وہ افراد جن کے عمرہ ویزے سعودی حکومت کی پابندی کی وجہ سے زاید المیعاد ہوجائیں گے ان کے ویزوں میں بلا کسی چارجز کے توسیع کی جائے گی یا نہیں۔ فضائی کمپنیوں کے مطابق امید ہے کہ سعودی حکومت ان ویزوں میں ایک ماہ کی توسیع کردے گی۔ اب عمرہ ویزے الیکٹرونک آرہے ہیں ، اور ان میں توسیع کرنا کوئی مشکل کام نہیں ہے ۔