ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

سندھ میں مکمل لاک ڈاؤن کی اجازت قطعی طور پر نہیں دی جائے گی، فواد چوہدری

 اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سندھ میں مکمل طور پر لاک ڈاون کی اجازت قطعی طور پر نہیں دی جائے گی اور مکمل لاک ڈاؤن کے حوالے سے وفاقی حکومت کی پالیسی واضح ہے۔

وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ مکمل لاک ڈاؤن کے حوالے سے وفاقی حکومت کی پالیسی واضح ہے، سپریم کورٹ بھی قرار دے چکی ہے کہ صوبے اس ضمن میں انفرادی فیصلہ نہیں کرسکتے، آرٹیکل 151 کے تحت پاکستان ایک سنگل مارکیٹ ہے، کراچی کی بندرگاہ پاکستان کی معیشت کی شہ رگ ہے اور ایسا اقدام اٹھانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی جس سے پاکستان کی معاشی شہ رگ متاثر ہو۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مکمل لاک ڈاؤن کا کوئی آپشن کسی صوبے کو دستیاب نہیں، کووڈ کے حوالے سے پالیسی وفاق اور این سی او سی جاری کرتے ہیں اور صوبے اس پر عمل درآمد کے پابند ہیں، پاکستان نے کورونا کا بھرپور طریقے سے مقابلہ کیا ہے، اب تک ہم انسانی جانیں بچانے میں بھی کامیاب ہوئے اور ملکی معیشت بھی اپنے پاوں پر کھڑی ہو رہی ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا موقف ہے کہ مکمل لاک ڈاؤن سے مزدور، دیہاڑی دار اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والے طبقات شدید متاثر ہوتے ہیں، اگر سندھ حکومت نے ایس او پیز پر عمل درآمد کیا ہوتا تو آج کراچی میں صورتحال سنگین نہ ہوتی جب کہ سندھ کو واضح طور پر یہ پیغام دیا گیا ہے کہ انفرادی فیصلے نہیں کئے جا سکتے، این سی او سی کی گائیڈ لائنز پر عمل درآمد کیا جانا ضروری ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں