کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیراہتمام قومی سینئر و جونیئر ہاکی ٹیموں میں پریکٹس ہاکی میچز کی سیریز کل سے کھیلی جائیگی۔ 21 رکنی قومی جونیئر ہاکی ٹیم ، سینئر ہاکی کیمپ میں شریک 28 کھلاڑیوں کے مدمقابل چار میچز کی سیریز کھیلے گی۔ قومی سینئر ، جونیئر ہاکی سیریز” کو بوجوہ آف کیمرہ رکھا جائیگا ، قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی کی جانب سے جونیئر ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے 18 اراکین شارٹ لسٹ کیے جائینگے۔ نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیراہتمام چارمیچز پر مشتمل ہاکی سیریز 6،7، 9 اور10 نومبر کو کھیلی جائیگی تمام میچز 3:00 بجے دن کھیلے جائینگے جبکہ 8 نومبر کو سیریز میچز کا وقفہ ہوگا۔سیکرٹری جنرل پاکستان ہاکی فیڈریشن اولمپین آصف باجوہ نے کہا ہے کہ عالمی جونیئر ہاکی کپ جو کہ 24 نومبر تا 5 دسمبر بھوبنیشور انڈیا میں کھیلا جائیگا اسکی تیاری کے سلسلے میں قومی جونیئر ہاکی ٹیم جبکہ 14 دسمبر تا 22 دسمبر بنگلا دیش کے شہر ڈھاکا میں منعقد ہونے والی ایشین چیمپینز ٹرافی میں شرکت کے لیے قومی سینئر ہاکی ٹیم کی تشکیل اور تیاری کے سلسلے میں یہ سیریز منعقد کرائی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ “قومی سینئر ، جونیئر ہاکی سیریز” کو بوجوہ آف کیمرہ رکھا جائیگا تاکہ کھلاڑیوں کی پرفارمنس، گیم پیٹرن اور کھیل کی تکنیکی منصوبہ بندی کا مواد آف کیمرہ رہے۔ قومی جونیئر ہاکی اسکواڈ میں وقار (گول کیپر)، عبداللہ (گول کیپر)ودیگر شامل ہیں۔